کراچی (بیوروچیف: جاوید صدیقی) مودی کو گجرات کا قصائی کہنے پر بھارت آپے سے باہر

کراچی (بیوروچیف: جاوید صدیقی) مودی کو گجرات کا قصائی کہنے پر بھارت آپے سے باہر، بلاول کے بیان نے آگ لگا دی
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ پاکستان بلاول بھٹو زرداری کے مودی کو گجرات کا قصائی کہنے پر ہندو انتہا پسند آپے سے باہر ہو گئے ہیں، بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی اور انتہا پسند پارٹی راشٹریہ سیوم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) نے ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کردیا ہے۔
بی جے پی کے کارکنوں نے بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے باہر جمع ہو کر احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے لگائے، جب کہ دہلی پولیس نے مظاہرین کو روکنے کیلئے رکاوٹیں قائم کر دیں۔ دوسری طرف مودی سرکار نے سیخ پا ہو کر کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ گجرات فسادات کے حوالے سے ثبوتوں کا فقدان ہے۔ وزارت خارجہ نے رد عمل میں کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا بھارتی وزیر اعظم سے متعلق بیان غیر مہذب تھا، وہ اپنی جھنجھلاہٹ کا رخ پاکستان میں دہشت گردوں کے ماسٹر مائنڈ کی طرف کردیں۔ واضح رہے کہ اقوام متحدہ میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کے الزامات کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ اسامہ بن لادن مرچکا ہے لیکن گجرات کا قصائی زندہ ہے اور وہ بھارت کا وزیر اعظم ہے، جس پر وزیر اعظم بننے سے قبل امریکا میں داخلے پر پابندی عائد تھی



