چیئرمین مستقبل پاکستان کا بجلی کے بلوں میں مستقل ریلیف کا مطالبہ

چیئرمین مستقبل پاکستان کا بجلی کے بلوں میں مستقل ریلیف کا مطالبہ
بجلی کی فی یونٹ قیمت میں اضافے نے عوام کی کمر توڑ دی ہے:انجینئر ندیم ممتاز قریشی
پنجاب حکومت نے بلوں میں اتنا ریلیف نہیں دیا جتنا اشتہاری مہم پر خرچ کررہی ہے:گفتگو
مستقبل پاکستان مہنگائی کے خاتمے اور بجلی بلوں میں کمی تک کسی طور خاموش نہیں بیٹھے گی:چیئرمین
پنجاب کے عوام کو بے پناہ معاشی مسائل کا سامنا،حکومت ہوا میں تیر چلانے کی بجائے عملی اقدامات اٹھائے
وفاقی حکومت کی آئی پی پیز معاہدوں میں نظر ثانی کی بجائے خاموشی بہت سارے سوالات کو جنم دے رہی ہے
چیئر مین مستقبل پاکستان انجینئر ندیم ممتاز قریشی نے بجلی کے بلوں میں مستقل ریلیف کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی فی یونٹ قیمت میں اضافے نے عوام کی کمر توڑ دی ہے،پنجاب حکومت نے بلوں میں اتنا ریلیف نہیں دیا جتنا اس کا واویلا اور اشتہاری مہم چلا رہی ہے،آبادی کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے صوبے کے عوام کو بے پناہ معاشی مسائل و پریشانیوں کا سامنا ہے مگر اس کے باوجود حکومت ہوا میں تیر چلاتے ہوئے سب اچھا ہے کا راگ الاپ رہی ہے اور قوم کے ٹیکس سے جمع اربوں روپے اپنی سیاست کو چمکانے کیلئے خرچ کررہی ہے اگر اس طرح کا طرز حکمرانی نہ بدلا گیا تو آنے والے دنوں میں حالات ٹھیک ہونے کی بجائے مزید خراب ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ مستقبل پاکستان مہنگائی کے خاتمے اور بجلی بلوں اضافے کیخلاف اپنی آواز بلند کرتی رہے گی اور اس پر کسی طور بھی خاموش نہیں بیٹھے گے۔انجینئر ندیم ممتاز قریشی نے کہا کہ وفاقی حکومت کی آئی پی پیز معاہدوں میں نظر ثانی کی بجائے خاموشی بہت سارے سوالات کو جنم دے رہی ہے،قوم زیادہ دیر تک ان کے ظلم و ستم پر خاموش نہیں بیٹھے گی اگر حکومت کی طرف سے بجلی کے بلوں میں مستقل ریلیف فراہم نہ کیا گیا تو اس کے انتہائی خطرناک نتائج مرتب ہوں گے۔



