پروفیسر جہانزیب خان نے چیئرمین مردان تعلیمی بورڈ کا عہدہ سنبھال لیا

پروفیسر جہانزیب خان نے چیئرمین مردان تعلیمی بورڈ کا عہدہ سنبھال لیا۔
میرٹ پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا اور تمام فیصلے مکمل شفافیت کے ساتھ کیے جائیں گے۔افسران سے خطاب
مردان(نمائندہ نورین ناز)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق پروفیسر جہانزیب خان، گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج مردان کے گریڈ 20 کے پروفیسر، کو خیبر پختونخوا حکومت نے مردان تعلیمی بورڈ کا نیا چیئرمین مقرر کر دیا ہے۔ محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق، پروفیسر جہانزیب کی تعیناتی خیبر پختونخوا بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ایکٹ 1990 کے تحت عمل میں آئی ہے۔پروفیسر جہانزیب نے یکم اکتوبر 2024 کو باقاعدہ طور پر چیئرمین کے عہدے کا چارج سنبھالا۔ اس موقع پر مردان تعلیمی بورڈ کے افسران اور سابق چیئرمین فرید خٹک بھی موجود تھے۔ عہدہ سنبھالنے کے بعد پروفیسر جہانزیب نے افسران سے پہلی ملاقات میں کہا کہ میرٹ پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا اور تمام فیصلے مکمل شفافیت کے ساتھ کیے جائیں گے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مردان تعلیمی بورڈ کو جدید اصلاحات کے ذریعے ایک مثالی ادارہ بنایا جائے گا، جس میں تعلیم کے اعلیٰ معیارات کا نفاذ یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلباء اور والدین کے لیے آن لائن سروسز میں بہتری لائی جائے گی تاکہ نتائج بروقت فراہم کیے جا سکیں اور شکایات کا فوری ازالہ ممکن ہو۔پروفیسر جہانزیب نے تمام افسران کو ہدایت دی کہ بورڈ کے امور میں ٹیم ورک کو فروغ دیا جائے اور بورڈ کو صوبے کا بہترین تعلیمی ادارہ بنایا جائے۔



