پاکستان کوامریکہ سے نہیں روس سے تعلقات مضبوط بنانے کی ضرورت ہے:انجینئر ندیم ممتاز قریشی

پاکستان کوامریکہ سے نہیں روس سے تعلقات مضبوط بنانے کی ضرورت ہے:انجینئر ندیم ممتاز قریشی
چین کے ساتھ 23معاہدوں پر دستخط کاغذی کارروائی،عملدرآمد تک کچھ نہیں کہا جاسکتا:چیئرمین
عالمی دنیا کے حالات تیزی سے تبدیل ہورہے ہیں،پاکستان کو بھی اپنی ترجیحات بدلنی ہوں گی:گفتگو
چین مستقبل کا سپر پاور ہے مگرپاکستان کی ترقی کا راستہ بیجنگ سے ہوکر نہیں آئے گا،خود آگے بڑھنا ہوگا
ملک میں بڑھتے ہوئے سیاسی عدم استحکام کے خاتمے کیلئے سیاستدانوں سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کردار اداکریں
چیئر مین مستقبل پاکستان انجینئر ندیم ممتاز قریشی نے کہا کہ پاکستان کو امریکی دباؤ سے نکلتے ہوئے روس سے تعلقات مضبوط کرنے کی ضرورت ہے،عالمی دنیا کے حالات تیزی سے تبدیل ہورہے ہیں اور کوئی بھی ملک تنہا رہ کر درپیش مسائل سے چھٹکارہ اور ترقی کی منازل طے نہیں کرسکتا،پاکستانی معیشت کو اس وقت بے پناہ مسائل کا سامنا ہے اگر بحالی کیلئے عملی اقدامات نہ اٹھائے گئے تو آنے والے دنوں میں معاشی صورتحال مزید بگڑتی ہوئی نظر آرہی ہے،سی پیک اپ گریڈیشن پر اتفاق سمیت چین کے ساتھ 23 معاہدوں پر دستخط خوش آئند ہے مگر اس کے مثبت اثرات تب مرتب ہوں گے جب عملدرآمد ہوگا فی الحال یہ سب کچھ کاغذی کارروائی اور باتوں کی حد تک محدود ہے جس کے بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ان خیالات کا اظہار میڈیا نمائند گان سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔پاک چین تعلقات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ چین مستقبل کا سپر پاور ہے مگر حکمرانوں کو یہ بات ذہن نشین کر لینی چاہیے پاکستان کی ترقی کا راستہ بیجنگ سے ہوکر نہیں آتا اس کیلئے ہمیں خود بھی کچھ کرنا ہوگا۔انجینئر ندیم ممتاز قریشی نے کہا کہ ملک میں بڑھتے ہوئے سیاسی عدم استحکام کے خاتمے کیلئے سیاستدانوں سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ ملکی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور ہوسکیں۔



