پاکستان میں بنگلہ دیش جیسے حالات پیدا نہ کیے جائیں:انجینئر ندیم ممتاز قریشی

پاکستان میں بنگلہ دیش جیسے حالات پیدا نہ کیے جائیں:انجینئر ندیم ممتاز قریشی
قوم اپنے حقوق کے حصول کیلئے اٹھ کھڑی ہوئی تو پھر خاموش نہیں بیٹھے گی:گفتگو
مقتدر حلقے مہنگائی،بیروزگاری اور غربت سمیت دیگر مسائل کے حل کو یقینی بنائیں:چیئرمین
قرضوں کے سہارے ملکی معیشت کسی طور بھی بحالی کی راہ پر گامزن نہیں ہوپائے گی:اظہار خیال
حکمرانوں کی بدنیتی اور ناقص حکمت عملیوں کی وجہ ملک کا سرمایہ دار طبقہ بیرون ممالک میں سرمایہ کاری کررہا ہے
چیئرمین مستقبل پاکستان انجینئر ندیم ممتاز قریشی کی ملکی معیشت اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے گفتگو
چیئرمین مستقبل پاکستان انجینئر ندیم ممتاز قریشی نے کہا کہ پاکستان میں بنگلہ دیش جیسے حالات پیدا نہ کیے جائیں،قوم اپنے حقوق کے حصول کیلئے اٹھ کھڑی ہوئی تو پھر خاموش نہیں بیٹھے گی،مقتدر حلقوں کو چاہیے کہ وہ عوام کو درپیش مہنگائی،بیروزگاری اور غربت سمیت دیگر مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات کو یقینی بنائیں ورنہ عوام کے دلوں میں جو حکمرانوں کے خلاف جو غم و غصہ بڑھ رہا ہے اس سے کوئی بھی محفوظ نہیں رہ پائے گا،قرضوں کے سہارے ملکی معیشت کسی طور بھی بحالی کی راہ پر گامزن نہیں ہوپائے گی اس کے لیے ضروری ہے کہ حکمران طبقہ شاہانہ اخراجات میں کمی لاتے ہوئے ملک میں انڈسٹری کو فروغ دیں اس سے جہاں بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا وہاں معیشت بھی بہتر طور پر سنبھل پائے گی۔ان خیالات کا اظہار ملکی معیشت اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ملک اور قوم کو درپیش معاشی مسائل ڈنگ ٹپاؤاقدامات سے نہیں بلکہ لانگ ٹرم پالیسیوں سے حل ہوں گے اور اس کیلئے حکومت و اپوزیشن کو میں نہ مانوں کی ہٹ دھرمی کو ترک کرتے ہوئے مل کر آگے بڑھنا ہوگا تب کہیں جا کر سب کچھ بہتر ہوگا ورنہ اسی طرح نئی آنے والی حکومت جانے والی کو مورد الزام ٹھہرا کر اپنا دور اقتدار پورا کرنے کی کوشش کرتی رہی گی۔انجینئر ندیم ممتاز قریشی نے کہا کہ حکمرانوں کی بدنیتی اور ناقص حکمت عملیوں کی وجہ سے نہ صرف دوست ممالک ہم سے دور ہوتے جارہے بلکہ ملک کا سرمایہ دار طبقہ بھی پاکستان کی بجائے بیرون ممالک سرمایہ کاری کرنے پر مجبور ہورہا ہے۔



