پاکستان بزنس گروپ ویمن ونگ کے زیر اہتمام نیٹ ورکنگ ڈنر – خواتین کے کلیدی کردار اور درپیش

پاکستان بزنس گروپ ویمن ونگ کے زیر اہتمام نیٹ ورکنگ ڈنر – خواتین کے کلیدی کردار اور درپیش مسائل پر روشنی
کراچی : (رپورٹ:عاصم آرائیں جہلمی)
پاکستان بزنس گروپ کے بانی اور چیئرمین فراز الرحمٰن کی زیر قیادت ویمن ونگ نے ایک نیٹ ورکنگ ڈنر کا انعقاد کیا جس کا مقصد خواتین کو درپیش مسائل پر گفتگو اور ان کے کلیدی کردار کو اجاگر کرنا تھا۔ اس تقریب میں شہر بھر سے خواتین رہنماؤں، کاروباری شخصیات، اور معززین نے شرکت کی، جنہوں نے متوازن معاشرے کی تشکیل میں خواتین کے کردار اور انہیں بااختیار بنانے پر زور دیا۔
فراز الرحمٰن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا، "خواتین کا کردار کسی بھی معاشرے کی ترقی کے لیے بنیادی ہے۔ اگر ہمیں ایک متوازن اور مستحکم معاشرہ تشکیل دینا ہے، تو ہمیں اپنی خواتین کو نہ صرف بااختیار بنانا ہوگا بلکہ انہیں وہ مواقع فراہم کرنے ہوں گے جن سے وہ مردوں کے شانہ بشانہ ہر میدان میں کامیاب ہو سکیں۔ خواتین کو مساوی مواقع دینا اور ان کے لیے ایک محفوظ اور باعزت ماحول فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے۔”
انہوں نے مزید کہا، "یہ حقیقت ہے کہ خواتین کو اپنے کیریئر میں مردوں کے مقابلے میں زیادہ چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس لیے ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ان کی جدوجہد کو تسلیم کریں، ان کی حمایت کریں، اور انہیں ایسے پلیٹ فارمز فراہم کریں جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھار سکیں۔”
تقریب میں خواتین کو درپیش کاروباری مشکلات اور انہیں حل کرنے کی حکمت عملیوں پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی، جبکہ خواتین کی قائدانہ صلاحیتوں کو بھرپور طریقے سے سراہا گیا۔
ویمن ونگ کی کوآرڈینیٹرز مس عنیزا، مس نمرا، مس سمن خان، مس شمسا الطاف، مس روبینہ کوثر، اور مس انیتا منصور کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا گیا جنہوں نے اس تقریب کو کامیاب بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اس کے علاوہ ناصر شیخ، فواد شیخ، اور مسٹر سعید سمیت تمام معزز مہمانوں اور اسپانسرز کا بھی شکریہ ادا کیا گیا جن کی شرکت اور تعاون اس تقریب کو کامیابی کی طرف لے گیا۔
پاکستان بزنس گروپ ویمن ونگ نے اس موقع پر خواتین کے لیے مزید پلیٹ فارمز بنانے کا عزم ظاہر کیا تاکہ وہ نہ صرف کاروباری بلکہ ہر شعبے میں اپنے قدم مضبوطی سے جما سکیں اور قومی ترقی میں اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کر سکیں۔



