
پاکستان الیکشن تنازعات اور مسائل کا فوری حل نکالے۔اقوام متحدہ
حکام سمیت سیاسی جماعتوں سے پرامن رہنے اور تشدد کو مسترد کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔ترجمان اسٹیفن ڈوجارک
نیو یارک(نمائندہ انیلا جعفری)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے پاکستان میں حکام اور سیاسی رہنمائوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ انتخابات کے بعد کی صورتحال کو جلد از جلد پر امن انداز اور قانونی طریقوں سے حل کریں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں پریس بریفنگ کے دوران سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے پاکستان میں جنرل الیکشن کے بعد دھاندلیوں کے الزامات اور آزادی اظہارِ رائے کے حوالے سے پوچھے گئے سوالوں کے جوابات میں کہا کہ اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس پاکستان میں الیکشن کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر حکام پر ایسے کسی بھی اقدام سے گریز کرنے پر زور دیتے ہیں جو تنائو کو بڑھا یا بھڑکا سکتے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پاکستان کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور حکام سمیت سیاسی جماعتوں سے پرامن رہنے اور تشدد کو مسترد کرنے کی اپیل کی ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی کا مکمل احترام کرنے پر زور دیتے ہوئے الیکشن تنازعات اور مسائل کا حل قائم کردہ قانونی فریم ورک کے ذریعے چاہتے ہیں جو پاکستانی عوام کے مفاد میں ہو۔



