:نیشنل اسپیشل اولمپکس میں ڈبل گولڈ میڈل جیتنے والے منیب الرحمن کو مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری

:نیشنل اسپیشل اولمپکس میں ڈبل گولڈ میڈل جیتنے والے منیب الرحمن کو مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری، معزز شخصیات کی عبدالرحمن قادری کی رہائش گاہ آمد
جہلم (آصف اقبال جنجوء )نیشنل اسپیشل اولمپکس میں دو گولڈ میڈلز جیت کر ضلع جہلم اور پاکستان کا نام روشن کرنے والے منیب الرحمن کو مبارکباد دینے کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ اسی سلسلے میں منیب الرحمن کے تایا جان منظور قادری، انسپیکٹر (ر) موٹروے پولیس نے عبدالرحمن قادری کی رہائش گاہ پر پہنچ کر اپنے بھتیجے منیب الرحمن کو شاندار کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی۔انسپیکٹر منظور قادری نے اس موقع پر منیب الرحمن کی غیر معمولی کارکردگی کو قابلِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ خصوصی بچوں کی یہ کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ اگر انہیں مناسب تربیت، رہنمائی اور حوصلہ افزائی فراہم کی جائے تو وہ ہر میدان میں نمایاں مقام حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے منیب الرحمن کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔بعدازاں محمد اویس اپنے صاحبزادے محمد ریحان کے ہمراہ عبدالرحمن قادری کی رہائش گاہ پہنچے اور اپنے بھانجے منیب الرحمن کو ڈبل گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے منیب الرحمن کی اس شاندار کامیابی کو پورے ضلع جہلم کے لیے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی نے دیگر خصوصی بچوں اور ان کے والدین کے لیے بھی امید اور حوصلے کا ایک نیا پیغام دیا ہے۔اس موقع پرعبدالرحمن قادری نے آنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عزیز و اقارب، دوست احباب اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی محبت، دعائیں اور حوصلہ افزائی منیب الرحمن کے لیے ایک قیمتی سرمایہ ہیں، جو اسے مستقبل میں بھی مزید کامیابیاں حاصل کرنے کا حوصلہ فراہم کریں گی۔آخر میں منیب الرحمن کی مزید کامیابیوں، صحت، خوشحالی اور ملک و قوم کا نام روشن کرنے کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔



