سندھ

نواب شاہ میں فراڈ اور پلاٹنگ اسکینڈلز، غریب شہری لٹ گئے

نواب شاہ میں فراڈ اور پلاٹنگ اسکینڈلز، غریب شہری لٹ گئے

نوابشاہ (رپورٹ. انور عادل خانزادہ)
نواب شاہ میں جائیداد اور پلاٹوں کی خرید و فروخت کے نام پر فراڈ اور دھوکہ دہی کے واقعات میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ حالیہ دنوں میں ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے جس میں ایک غریب اور انپڑھ شہری، محمد لیاقت، اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی سے محروم ہو گیا۔محمد لیاقت نے الزام عائد کیا ہے کہ بروکر رمضان جمالی ولد نور محمد نے اسے سستے داموں پلاٹ دینے کا لالچ دیا اور کہا کہ چونکہ وہ غریب ہے اس لیے اس کی مدد کی جائے گی۔ متاثرہ شخص کے مطابق رمضان جمالی نے یہ دعویٰ کیا کہ پلاٹ کے کاغذات گلزار مری ولد مصری مری کے ہیں اور گلزار مری کو بھی ایگریمنٹ کے وقت بلا لیا گیا۔ تاہم بعد ازاں معلوم ہوا کہ نہ تو کاغذات رمضان جمالی کے نام پر تھے اور نہ ہی گلزار مری کے نام پر، بلکہ اصل مالکان کوئی اور تھے۔مزید حیرت انگیز پہلو یہ ہے کہ اسٹام پیپر پر ایگریمنٹ لکھنے والے شخص نے بھی اپنی ذمہ داری پوری نہ کی۔ محمد لیاقت کے مطابق، ایگریمنٹ لکھنے والے نے یہ وضاحت نہیں کی کہ جس پلاٹ کی خرید و فروخت ہو رہی ہے، وہ اصل مالک کے نام پر نہیں ہے۔ اس غفلت اور چشم پوشی نے متاثرہ شہری کو مزید نقصان سے دوچار کر دیا۔متاثرہ شخص نے بتایا کہ اس نے اپنا گھر بیچ کر پلاٹ خریدا اور بعد ازاں حقیقت سامنے آنے پر در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہے۔ جب وہ انصاف کے لیے تھانے پہنچا تو پولیس نے ایف آئی آر درج کرنے کے بجائے ٹال مٹول سے کام لیا۔ تاحال متاثرہ شخص انصاف سے محروم ہے جبکہ مبینہ ملزمان علاقے سے غائب ہو چکے ہیں شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ نواب شاہ میں ایسے فراڈ اور پلاٹنگ اسکینڈلز عام ہوتے جا رہے ہیں جن کا نشانہ زیادہ تر غریب اور انپڑھ لوگ بنتے ہیں۔ پولیس کی بے حسی اور قانونی پیچیدگیوں کی وجہ سے متاثرین انصاف سے محروم رہتے ہیں اور دھوکہ باز کھلے عام گھومتے ہیں۔عوامی مطالبہ ہے کہ حکامِ بالا اس واقعے سمیت تمام ایسے فراڈ کیسز کی تحقیقات کرائیں، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کریں اور ایگریمنٹ لکھنے والوں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ آئندہ کسی اور غریب شہری کو اپنی زندگی بھر کی کمائی سے ہاتھ نہ دھونا پڑے۔

Mehr Asif

Chief Editor Contact :03315456655 03005441090

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

I am Watching You