سندھ

*نارتھ ناظم آباد ٹاؤن میں تین روزہ پھولوں کی نمائش کا شاندار آغاز*

*نارتھ ناظم آباد ٹاؤن میں تین روزہ پھولوں کی نمائش کا شاندار آغاز*

کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) نارتھ ناظم آباد ٹاؤن میں تین روزہ پھولوں کی نمائش کا شاندار آغاز کردیا گیا۔ اس خوبصورت تقریب کا انعقاد نارتھ ناظم آباد میں موجود فتح باغ میں کیا گیا، جہاں قدرتی حسن اور دلکش ماحول نے شہریوں کو اپنی طرف متوجہ کرلیا۔ افتتاحی تقریب میں امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی سید وجہہ حسن نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ چیئرمین نارتھ ناظم آباد ٹاؤن عاطف علی خان اور وائس چیئرمین ضیاء الدین جامعی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ افتتاحی تقریب کے دوران مہمانانِ گرامی نے نمائش میں رکھی گئی پھولوں کی مختلف اقسام کا جائزہ لیا اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی سید وجہہ حسن نے کہا کہ ایسی نمائشوں کا انعقاد نہ صرف شہر کو خوبصورت بنانے میں مدد دیتا ہے بلکہ لوگوں کو قدرتی حسن سے قریب لانے کا بھی ذریعہ بنتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی جیسے بڑے اور مصروف شہر میں اس طرح کی سرگرمیاں عوام کیلئے ایک خوشگوار تفریح فراہم کرتی ہیں۔ فتح باغ میں منعقدہ اس نمائش میں پچیس ہزار سے زائد پھولوں کو مختلف ترتیب اور ڈیزائن میں سجایا گیا، جن میں کئی نایاب اور غیر ملکی اقسام بھی شامل ہیں۔ شائقین کو گلاب، چمبیلی، گیندا، سورج مکھی، ٹیولپ، آرکڈ، لیلی اور دیگر کئی خوبصورت پھول دیکھنے کو مل رہے ہیں، اسکے علاوہ ماہرینِ باغبانی کیجانب سے شہریوں کو باغبانی کے جدید طریقے اور پودوں کی دیکھ بھال کے متعلق مفید مشورے بھی دیئے جارہے ہیں۔ نمائش کے افتتاحی موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور دلکش پھولوں کی نمائش کو سراہا۔ بچوں، بزرگوں اور نوجوانوں سمیت ہر عمر کے افراد نے رنگ برنگے پھولوں میں گہری دلچسپی لی۔ کچھ افراد نے کہا کہ اس قسم کی تقریبات نہ صرف ذہنی سکون فراہم کرتی ہیں بلکہ ہمیں ماحول دوست طرزِ زندگی اپنانے کی ترغیب بھی دیتی ہیں۔
چیئرمین نارتھ ناظم آباد عاطف علی خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ نارتھ ناظم آباد ٹاؤن انتظامیہ شہریوں کو ایک بہتر اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کیلئے مسلسل کوشاں ہے اور آئندہ بھی ایسی تقریبات کا انعقاد کیا جاتا رہیگا۔ وائس چیئرمین ضیاء الدین جامعی نے کہا کہ پھولوں کی نمائش کے ذریعے ہم لوگوں کو باغبانی اور ماحول دوست طرزِ زندگی کے فوائد سے آگاہ کر رہے ہیں۔ پھولوں کی نمائش تین روز تک جاری رہے گی، جس میں شہری نہ صرف ہزاروں خوبصورت اور خوشبودار پھولوں کو قریب سے دیکھ سکیں گے بلکہ باغبانی سے متعلق ماہرین سے قیمتی مشورے بھی حاصل کر سکیں گے۔ نمائش کے دوران فوٹوگرافی کے شوقین افراد کے لئے خصوصی سیلفی اسپاٹس بھی بنائے گئے ہیں، جہاں شہری یادگار لمحات کو کیمرے میں قید کرسکتے ہیں۔ فتح باغ میں ہونے والی پھولوں کی نمائش شہریوں کیلئے ایک منفرد اور خوشگوار تفریح فراہم کررہی ہے اور امید کی جارہی ہے کہ آئندہ سال بھی اسکا انعقاد کیا جائیگا۔

Mehr Asif

Chief Editor Contact :03315456655 03005441090

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

I am Watching You