مفت بجلی کے دعویداروں نے کوڑے پر بھی ٹیکس لگا دیا ہے:سید راشد حسین بخاری

مفت بجلی کے دعویداروں نے کوڑے پر بھی ٹیکس لگا دیا ہے:سید راشد حسین بخاری
خراب معاشی حالات سے پریشان حال عوام پر ٹیکسز کی بھرمار سمجھ سے بالا تر:گفتگو
مستقبل پاکستان عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے:نائب صدر
مہنگائی کی شرح مسلسل بڑھتی جارہی ہے اور قوم کو جان چھڑانے کیلئے خودکشیاں کرنی پڑ رہی ہیں
جنوبی پنجاب کی پسماندگی کے خاتمے کے لئے روایتی و موروثی سیاستدانوں کا بائیکا ٹ کیا جائے
نائب صدر مستقبل پاکستان سید راشد حسین بخاری نے کہا کہ مفت بجلی کے دعویداروں نے کوڑے پر بھی ٹیکس لگا دیا ہے،خراب معاشی حالات کی وجہ سے عوام کیلئے ایک وقت کا کھانا بھی مشکل ہوتا جارہا ہے ایسے میں پنجاب حکومت عوامی مسائل و پریشانیوں میں کمی کی بجائے اُن میں اضافے کا باعث بن رہی ہے،زمینی حقائق کو بالائے طاق رکھتے ہوئے بند کمروں میں ہونے والے فیصلے شروع دن سے عوام کی مشکلات میں اضافے کا باعث بنتے آرہے ہیں صوبائی حکومت نے اگر ان فرسودہ روایات کو ترک نہ کیا تو حالات میں تبدیلی کا خواب کسی طور بھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوپائے گا،مستقبل پاکستان عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے اس پر کسی طرح کا کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار پارٹی سنٹرل آفس میں ملاقات کیلئے آنے والے افراد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری کی شرح کم ہونے کی بجائے بڑھتی جارہی ہے اور اب تو صورتحال اس نہج تک پہنچ گئی ہے اس سے پیچھا چھڑانے کیلئے خودکشیاں کرنی پڑ رہی ہیں۔سید راشد حسین بخاری نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی محرومیوں اور پسماندگی کے خاتمے کے لئے ضروری ہے کہ وسیب کے عوام روایتی و موروثی سیاستدانوں کا بائیکا ٹ کرتے ہوئے اہل و نیک نیت افراد کو سپورٹ کریں تاکہ وہ کامیاب ہوکر خطہ کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔



