
محکمہ جنگلات جہلم کی جانب سے یوم آزادی کے موقع پر گرین ڈے منایا گیا اور ضلع بھر میں شہریوں میں مفت پودے تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف مقامات پر پودے لگائے بھی گئے۔

ڈویژنل فارسٹ آفس جہلم میں شہریوں میں مفت پودے تقسیم کیے گئے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل مطاہر حیات وٹو، اسسٹنٹ کمشنر کوآرڈینیشن حاکم اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ اٹارنی رانا خالد نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور شہریوں میں مفت پودے تقسیم کیے۔ محکمہ جنگلات جہلم کی جانب سے 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر 75 سو پودے تقسیم کیے گئے ہیں، اس کے علاوہ ضلع بھر میں آج کے دن 4 ہزار پودے بھی لگائے گئے، رواں سال کی 18 جولائی سے شروع ہونے والی موسم برسات شجرکاری مہم میں اب تک 3 لاکھ 25 ہزار سے زائد پودے لگائے جا چکے ہیں جبکہ دو ماہ کے دوران 5 لاکھ 82 ہزار پودے لگائے جانے کا ٹارگٹ ہے۔



