قرض زدہ ملک کے وزراء اور مشیروں کی عیاشیاں عوام پر ظلم ہیں:انجینئرندیم ممتاز قریشی

قرض زدہ ملک کے وزراء اور مشیروں کی عیاشیاں عوام پر ظلم ہیں:انجینئرندیم ممتاز قریشی
دنیا کے کسی بھی ترقی یافتہ ملک میں اتنے وزیر اور مشیر نہیں ہیں جتنے پاکستان میں ہیں:گفتگو
مستقبل پاکستان عوامی استحصال اور قرضوں پر عیاشیاں کرنے والوں کا محاسبہ کرے گی:چیئرمین
ہمارا مقصد مہنگائی و بے روزگاری کا خاتمہ کرتے ہوئے ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنا ہے
چیئرمین مستقبل پاکستان انجینئر ندیم ممتاز قریشی نے وفاقی اور صوبائی کابینہ میں توسیع اور مراعات میں اضافے کی پُر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ممالک قرضوں پر وزراء اور مشیروں کی فوج ظفر موج اوراُن کی عیاشیاں قوم پر ظلم کے مترادف ہے،دنیا کے کسی بھی ترقی یافتہ ملک میں اتنے وزیر اور مشیر نہیں ہیں جتنے قرضوں میں ڈوبے ملک پاکستان میں ہیں آخریہ ظلم پاکستانی قوم پر کیوں کیا جارہا ہے اس کا جواب کون دے گا،مستقبل پاکستان عوامی استحصال اور قرضوں پر عیاشیاں کرنے والوں کا ہر سطح پر محاسبہ کرتے ہوئے عوامی حقوق کے حصول تک خامو ش نہیں بیٹھے گی کیونکہ ہمارا مقصد مہنگائی اور بے روزگاری کا خاتمہ کرتے ہوئے ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ 5فیصد مراعات یافتہ طبقہ95فیصد عوام کے استحصال کا باعث بنا ہوا ہے اور ستم ظریفی تو یہ ہے کہ وہ بڑی بے دردی سے عوامی حقوق پر ڈاکہ زنی کرتے ہوئے اپنی بھری ہوئی تجوریوں کو مزید بھرنے میں لگے ہوئے ہیں اب وہ وقت آن پہنچا ہے کہ عوام ان کے بھیانک چہرے پہچانتے ہوئے آگے بڑھے تاکہ مستقبل میں ان کے کسی بھی قسم کے دھوکے میں نہ آئے۔انجینئر ندیم ممتاز قریشی نے کہا کہ پاکستان وسائل سے مالا مال ملک ہے مگر نااہل و بدنیت حکمرانوں نے آج اس نہج تک پہنچا دیا ہے کہ آئی ایم ایف سمیت دیگر بیرون ممالک قرضوں کے بغیر ملک کا آگے بڑھنا تو دور کی بات اس کے بارے میں سوچا بھی نہیں جاسکتا۔



