
اطالوی وزیراعظم کی وینزویلا میں امریکی فوجی کارروائی کی حمایت۔
وینزویلا میں رہنے والے اطالوی شہریوں کی حفاظت اٹلی کی اولین ترجیح ہے۔جارجیا میلونی کی میڈیا سے گفتگو
روم(چیف اکرام الدین) گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی نے وینزویلا میں امریکی فوجی کارروائی کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کا یہ اقدام دفاع کے لیے کیا گیا ہے اور اسے درست سمجھا جا سکتا ہے، بعض سکیورٹی خطرات کی صورت میں ایسی کارروائیاں جائز ہو سکتی ہیں۔اطالوی وزیراعظم نے واضح کیا کہ اٹلی نے وینزویلا کے صدر کی جانب سے انتخابی کامیابی کے دعوے کو تسلیم نہیں کیا اور اٹلی وینزویلا میں جمہوری طریقے سے اقتدار کی منتقلی کا حامی ہے، فوجی مداخلت آمریت ختم کرنے کا حل نہیں اور اٹلی کسی ملک میں حکومت گرانے کے لیے بیرونی فوجی طاقت کے استعمال کے حق میں نہیں ہے۔اطالوی وزیراعظم کے مطابق وینزویلا میں رہنے والے اطالوی شہریوں کی حفاظت اٹلی کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔دوسری جانب جرمن چانسلر نے کہا ہے کہ وینزویلا میں امریکی کارروائی کی قانونی حیثیت کا جائزہ لینے میں وقت لگے گا اور اس معاملے کو بین الاقوامی قوانین کے مطابق دیکھا جائے گا۔



