عسکری سرگرمیوں میں بنیان مرصوص اور معرکہ حق جیسے الفاظ کا استعمال فکری قطب نما

*عسکری سرگرمیوں میں بنیان مرصوص اور معرکہ حق جیسے الفاظ کا استعمال فکری قطب نما کی حیثیت رکھتا ہے، ڈاکٹر شاہد ضمیر*
*عسکری فرہنگ کی ترتیب و تدوین کے لئے اردو لغت بورڈ اپنی خدمات پیش کرے گا، ڈائریکٹر جنرل*
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) رواں برس یوم آزادی کے موقع پر پوری پاکستانی قوم معرکہ حق میں کامیابی اور جشن آزادی کی دوہری خوشیاں منارہی ہے۔ ادارہ فروغ قومی زبان کے زیر اہتمام تقریبات کے تسلسل میں فیلڈ دفتر اردو لغت بورڈ، کراچی میں بھی چودہ اگست سنہ دو ہزار پچیس عیسوی کو پرچم کشائی اور ایک روزہ قومی سیمینار کا اہتمام انعقاد کیا گیا۔ پرچم کشائی کے موقع پر اہل قلم ، اراکین ادارہ اور ریٹائرڈ ملازمین بھی موجود تھے۔ سبز ہلالی پرچم کے فضاء میں بلند ہونے کے بعد شہدائے افواج پاکستان کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی اور وطن عزیز کی سالمیت اور استحکام کے لئے دعا کروائی گئی جبکہ سیمینار کے شرکاء نے جدوجہدِ آزادی اور قیامِ پاکستان میں اُردو زبان کے کردار پر گفتگو کرنے کے ساتھ کسی بھی کام کے لئے انتخاب الفاظ میں پوشیدہ توانائی پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر شاہد ضمیر نے فرمایا کہ عسکری سرگرمیوں میں بُنیان مَرصُوص اور مَعرکۂ حَق جیسے الفاظ کا استعمال فکری قطب نما کی حیثیت رکھتا ہے۔ تقریب کے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فیلڈ دفتر اردو لغت بورڈ کے انچارج نے ڈائریکٹر جنرل ادارہ فروغ قومی زبان پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر کا پیغام بھی حاضرین کی خدمت میں پیش کیا جس میں انکی سربراہی میں کام کرنے والے اداروں کی عسکری اصطلاحات پر مبنی فرہنگ کی ترتیب و تدوین کیلئے خدمات پیش کرنے کا عندیہ دیا گیا۔ تقریب میں حالیہ جنگ میں صحافیوں کے ذمہدارانہ کردار کو سراہتے ہوئے زیب اذکار حسین کی صحافتی و ادبی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس موقع پر حاضرین کو اردو لغت تاریخی اصول پر کی جدید و نستعلیق اشاعت کی جلد دوم کی طباعت کی خوش خبری بھی سنائی گئی۔ یہ اردو لغت بورڈ کے زیر اہتمام رواں سال میں شائع ہونے والی تیسری کتاب ہے اس سے قبل اردو لغت جلد اول کی نستعلیق و جدید اشاعت اور فرہنگ انیس کی طبع ثانی کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں نامور اہل قلم، جامعات کے اساتذہ اور طلبہ و دیگر صاحبان ذوق نے شرکت کی۔



