جہلم

طلبہ کو مثبت سوچ، اخلاقی تربیت اور ذمہ دار شہری بنانے کے مقصد سے پنجاب یونیورسٹی جہلم کیمپس

طلبہ کو مثبت سوچ، اخلاقی تربیت اور ذمہ دار شہری بنانے کے مقصد سے پنجاب یونیورسٹی جہلم کیمپس میں سیمینار

جہلم: : (عبدالرحمن قادری) ضلعی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام پنجاب یونیورسٹی جہلم کیمپس میں “کوآرڈینیشن اینڈ انگیجمنٹ آف اسٹوڈنٹس” کے عنوان سے ایک اہم اور بامقصد سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کا مقصد طلبہ کی تعلیمی، سماجی اور اخلاقی تربیت کو مؤثر بناتے ہوئے انہیں ایک ذمہ دار، باشعور اور باخبر شہری بنانا تھا تاکہ وہ ملک دشمن عناصر کے منفی پروپیگنڈے کا حصہ نہ بنیں اور ایک روشن مستقبل کی ضمانت بن سکیں۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے کیا گیا۔ سیمینار میں ضلعی انتظامیہ کے افسران، تعلیمی ماہرین، مذہبی و سماجی شخصیات اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل قوم کا قیمتی اثاثہ ہے اور اس کی فکری و اخلاقی تربیت کے بغیر قومی ترقی ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے سیمینارز طلبہ کو مثبت سمت اور درست رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔
ڈسٹرکٹ آفیسر (سیکنڈری ایجوکیشن) محمد شہزاد نے طلبہ کے ساتھ براہِ راست مکالمہ کیا، ان کے سوالات سنے اور تسلی بخش جوابات دیے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام اور پاکستان کے دشمن نوجوانوں کو گمراہ کرنے کے لیے مختلف حربے استعمال کرتے ہیں، اس لیے طلبہ کو ہوشیار اور باخبر رہنے کی ضرورت ہے۔
سماجی کارکن عبدالغفور چوہان نے قانون کی پاسداری اور سماجی ذمہ داری پر زور دیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) شگفتہ جبین نے کہا کہ نوجوانوں کی کردار سازی دراصل قوم کی تعمیر ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نازیہ، اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبدالسامع، ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی میمونہ انجم اور ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز حمید نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
صدر پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن پروفیسر (ر) شریف ساجد نے کہا کہ طلبہ کی اخلاقی تربیت نہایت ضروری ہے اور ایسے پروگرامز ایک مثبت اور تعمیری سوچ کو فروغ دیتے ہیں۔ مذہبی اسکالر پیر عرفان الحق اور ڈسٹرکٹ خطیب جہلم قاری عبدالباسط نے نوجوانوں کو دینی و اخلاقی اقدار اپنانے کی تلقین کی۔
جنرل سیکرٹری خیرالناس تنظیم انام الحق نے کہا کہ نوجوانوں کو فکری طور پر مضبوط بنانا ہی ملک دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنانے کا مؤثر ذریعہ ہے۔
آخر میں طلبہ نے سیمینار کو معلوماتی اور بروقت قرار دیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور یونیورسٹی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔


رپورٹ:عبدالرحمن قادری

Mehr Asif

Chief Editor Contact :03315456655 03005441090

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

I am Watching You