صوبہ نگر کے عوام کا وطن سے والہانہ پیار — یومِ تشکر جوش و خروش سے منایا گیا

کراچی، 17 مئی 2025 – کراچی کے علاقے صوبہ نگر میں یومِ تشکر قومی جذبے اور یکجہتی کے ساتھ منایا گیا، جہاں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں نے مل کر مادرِ وطن سے محبت کا بھرپور اظہار کیا۔
یہ تقریب مقامی کمیونٹی بیسڈ آرگنائزیشن (CBO) کے دفتر میں منعقد ہوئی، جس میں صوبہ نگر کے رہائشیوں نے پاک فوج کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور پاکستان کی کامیابیوں پر شکر ادا کیا۔
تقریب کا آغاز خصوصی دعاؤں سے ہوا۔ شرکاء نے قومی ترانہ پڑھا اور "نعرۂ تکبیر” اور "پاکستان زندہ باد” کے نعرے لگائے۔ CBO آفس میں سبز ہلالی پرچم لہرا ئے جا رہے تھے اور فضا میں محبت، اتحاد اور امید کی خوشبو سی بکھری ہوئی تھی۔
پروگرام میں شریک ایک نوجوان نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “پاکستان ہمارا گھر ہے، ہمارا فخر ہے۔ ہم سب پاکستانی ہیں، چاہے مذہب کچھ بھی ہو، ہمارا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے۔”
اس موقع پر کمیونٹی کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم سب کو ملک کی بہتری کے لیے مل کر کام کرنا ہے، کیونکہ پاکستان کی ترقی ہم سب کی ترقی ہے۔
صوبہ نگر میں کمیونٹی بیسڈ آرگنائزیشن (CBO) کا قیام کراچی واٹر اینڈ سیوریج سروسز امپروومنٹ پراجیکٹ (KWSSIP) کے تحت نیشنل رورل سپورٹ پروگرام (NRSP) کے تعاون سے عمل میں آیا ہے۔ یہ تنظیم نہ صرف علاقے کی بہتری کے لیے سرگرم عمل ہے بلکہ قومی جذبے کو فروغ دینے میں بھی پیش پیش ہے۔
صوبہ نگر میں یومِ تشکر کا منایا جانا اس بات کی واضح مثال ہے کہ معاشرے کے محروم طبقات بھی اپنے وطن کے لیے بے پناہ جذبہ رکھتے ہیں اور وہ نہ صرف اپنے علاقے بلکہ پورے پاکستان کی ترقی میں بھی اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کرنے کے لیے ہر دم تیار ہیں۔



