شہداء کشمیر کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ۔ضلعی انتظامیہ

شہداء کشمیر کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ۔ضلعی انتظامیہ
کشمیری عوام کے ساتھ ہر سطح پر بھرپور اخلاقی، سفارتی اور انسانی ہمدردی کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ معززین کی تقریب سے خطاب
ملاکنڈ(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق یومِ یکجہتیٔ کشمیر کے موقع پر ملک بھر کی طرح ملاکنڈ ڈویژن میں بھی کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کے اظہار، ان کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور ان کے جائز حقِ خودارادیت کی حمایت کے لیے ضلعی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام مختلف تقریبات، ریلیوں اور آگاہی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔ان تقریبات میں متعلقہ ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، ضلعی پولیس، ریسکیو 1122، محکمہ تعلیم سمیت دیگر سرکاری اداروں کے افسران، سول سوسائٹی کے نمائندگان، اساتذہ، طلبہ اور میڈیا نمائندگان نے بھرپور شرکت کی اور کشمیری عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کیا۔تقریبات کے دوران شہداء کشمیر کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی بلندیٔ درجات کے لیے اجتماعی دعا کی گئی، جبکہ ان کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کر کے ان کی جدوجہد کو سلام پیش کیا گیا۔یومِ یکجہتیٔ کشمیر کی مناسبت سے ملاکنڈ ڈویژن کے تمام اضلاع میں طلبہ کے لیے خصوصی مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا، جن میں تقاریر، ملی نغمے، تقاریر، پوسٹر سازی اور دیگر تخلیقی سرگرمیاں شامل تھیں۔ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے تاکہ نئی نسل میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے شعور، احساسِ ذمہ داری اور قومی وابستگی کو مزید فروغ دیا جا سکے۔تقاریب کے اختتام پر ضلعی انتظامیہ، تعلیمی اداروں کے اساتذہ اور طلبہ کی جانب سے ملکِ عزیز کی سلامتی، ترقی، امن و استحکام اور مقبوضہ کشمیر کی جلد آزادی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، جبکہ کشمیری عوام کے ساتھ ہر سطح پر بھرپور اخلاقی، سفارتی اور انسانی ہمدردی کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔



