سرائے عالمگیر: (عبدالرحمن قادری )یومِ یکجہتیٔ کشمیر پر جناح ہال میں پروقار پرچم کشائی، یکجہتی ریلی

سرائے عالمگیر: (عبدالرحمن قادری )یومِ یکجہتیٔ کشمیر پر جناح ہال میں پروقار پرچم کشائی، یکجہتی ریلی کا انعقاد تفصیلات کے مطابق 5 فروری یومِ یکجہتیٔ کشمیر کے موقع پر سرائے عالمگیر میں بھرپور انداز میں تقریبات منعقد کی گئیں۔ اس سلسلے میں جناح ہال، میونسپل کمیٹی آفس میں پروقار پرچم کشائی کی تقریب ہوئی، جہاں پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم لہرائے گئے۔
پرچم کشائی کے بعد جناح ہال سے سرائے عالمگیر پریس کلب، ماڈرن بازار فوارہ چوک تک الگ الگ یکجہتیٔ کشمیر ریلیاں نکالی گئیں۔ ریلیوں میں اسسٹنٹ کمشنر سرائے عالمگیر فاروق اعظم، ڈی ایس پی ممتاز میکن، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی عظمت فرید وڑائچ سمیت دیگر افسران، سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ریلی کے شرکاء نے کشمیری عوام کے حق میں اور بھارتی مظالم کے خلاف بھرپور نعرے بازی کی۔ اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی جدوجہدِ آزادی کی مکمل حمایت جاری رکھے گی۔
شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام سے یکجہتی کا یہ سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک انہیں حقِ خودارادیت نہیں مل جاتا۔ یومِ یکجہتیٔ کشمیر کی تقریبات پرامن اور منظم انداز میں اختتام پذیر ہوئیں۔




