رمضان المبارک کا مبارک مہینہ ایک بھٹی ھے۔ جس میں بندہ مومن کندن بن کر نکلتا ھے

رمضان المبارک کا مبارک مہینہ ایک بھٹی ھے۔ جس میں بندہ مومن کندن بن کر نکلتا ھے۔
اللہ کریم کے احکامات میں مخلوق کی بھلائی ھے۔ اور تعمیل حکم میں ہی مخلوق کی کامیابی ھے۔عبادات ہماری ضرورت ہیں۔روزہ ایسی عبادت ہے جسے اللہ کریم نے سابقہ اقوام پر بھی نازل فرمایا۔رمضان المبارک کی آمد آمد ہے رمضان المبارک میں پرہیز گاری اور حضورحق کی کیفیت نصیب ہوتی ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ کیا ہم رمضان المبارک کے منتظر ہیں،کیا ہمارے اندر شوقِ عبادت ہے،کہیں ہم عبادات کو بوجھ تو نہیں سمجھتے؟
امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان کا جمعتہ المبارک کے روز خطاب!
انہوں نے کہا کہ صحت و بیماری زندگی کے حصے ہیں اور یہ احساس زندگی دلاتے ہیں۔معمولات زندگی میں بے احتیاطی اور کمزوری ایمان کی کشتی میں وہ چھوٹا چھوٹا کنکر ہے جو کشتی کے ڈوبنے کا سبب بن سکتا ہے۔ایمان کے ساتھ عبادات آتی ہیں جن کی ادائیگی سے بندہ اپنے معاملات درست رکھتا ہے۔روزہ دار کو خصوصی انعامات سے نوازا جاتا ہے۔رمضان المبارک میں شیاطین قید کر دئیے جاتے ہیں اس کے باوجود معاشرے میں برائی جاری ہے اس کی وجہ کیا ہے؟ اس کی وجہ یہ ہے کہ باقی گیارہ مہینے شیطنت اس قدر ہم پر اپنے اثرات چھوڑ چکی ہوتی ہے کہ رمضان المبارک میں شیاطین تو قید ہو جاتے ہیں لیکن وہ شیطنت جو ہم پرباقی گیارہ مہینے مسلط رہی ا س کے اثرات کی وجہ سے ہم رمضان المبارک میں نا فرمانیاں کر رہے ہوتے ہیں۔کوئی بھی معاملہ ایسا نہیں جو اللہ کریم کے حکم سے باہر ہو۔اللہ کریم ہمیں اپنے معاملات میں احکامات الہی کی پابندی کرنے کی توفیق عطا فرمائیں۔ اللہ کریم صحیح شعور عطا فرمائیں۔




