جہلم

ختم نبوت اورناموس صحابہ کا تحفظ ہماری دعوت کی بنیاد ہے۔ حافظ عبدالحمید عامر

ختم نبوت اورناموس صحابہ کا تحفظ ہماری دعوت کی بنیاد ہے۔ حافظ عبدالحمید عامر کا سالانہ جلسہ سے خطاب

مدارس اسلام کی چھاؤنیاں ہیں، یہاں سے اسلام کے محافظ اور جرنیل پیدا ہوتے ہیں۔مولانا عبدالمنان راسخ

جہلم (محمد زاہد خورشید) تحفظ ختم نبوت اور ناموس صحابہ ہماری دعوت کا بنیادی نکتہ ہے، یہ دونوں ہی ہمارے ایمان کا جزو لا ینفک ہیں، ان خیالات کا اظہار جامعہ علوم اثریہ جہلم کے مہتمم اور نائب امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان حافظ عبدالحمید عامر نے 39ویں سالانہ جلسہ تقسیم اسناد و تقریب صحیح بخاری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں پھیلنے والی ہر شر پسندی کو بعض ناعاقبت اندیش اسلام اور مذہب کے متھے مار دیتے ہیں اور مذہبی انتہا پسندی کا سہارا لے کر مدارس اور علمائے کرام پر زبان درازی کرنا شروع کر دیتے ہیں حالانکہ ملک میں عدم برداشت کے سبب پھیلنے والی شر پسندی کی ایک بڑی وجہ سیاسی انتہاپسندی ہے جس کو کنٹرول کرنے کی اشد ضرورت ہے۔مرکزی جمعیت اہل حدیث پنجاب کے سر پرست اعلیٰ مولانا سبطین شاہ نقوی نے کہا کہ صحابہ کرام سے محبت اور ان کا دفاع ہمارا ایمان ہے، ہم ملک میں اصحاب رسول کی گستاخی کسی طرح برداشت نہیں کریں گے۔ مفکر اسلام اور محدث العصر حافظ مسعود عالم نے کہا کہ امام بخاری رحمہ اللہ محدثین کرام میں ایک تابندہ و درخشندہ ستارہ ہیں۔ جنہیں محدثین کرام میں بہت بلند مقام حاصل ہے۔ ان کی کتاب ’’صحیح بخاری شریف‘‘ تمام کتب احادیث میں امتیازی مقام رکھتی ہے۔ جس میں آپ نے بڑی جانچ پھٹک کے ساتھ صحیح احادیث کا خوبصورت مجموعہ ترتیب دیا۔جامعہ علوم اثریہ کے شیخ الحدیث مولانا سیف اللہ اثری نے کہا کہ الحاد کے فتنے کے ساتھ آج انکار حدیث کا فتنہ بھی پورے عروج پر نظر آتا ہے، دینی تعلیمات سے صحیح طور پر ناآشنا بعض لوگ خیال کرتے ہیں کہ شاید مسلمانوں کی رہنمائی کیلئے صرف قرآن ہی کافی ہے،لیکن حقیقت یہ ہے کہ احادیث نبویہ کو نظر انداز کرکے کوئی بھی شخص راہ ہدایت حاصل نہیں کر سکتا۔نیز انہوںنے کہا کہ ملک میں الحاد، جدیدیت، انکار حدیث، مادہ پرستی، توہین صحابہ اور ختم نبوت کے حوالے سے کئی ایک فتنے سر اُٹھا رہے ہیں، جن سے ہمیں ہر وقت بیدار رہنا چاہیے۔ مولانا یوسف پسرورری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے دنیا و آخرت کی فلاح رسول کائنات کی اطاعت و فرماں برداری میں رکھی ہے۔ مولانا سیف اللہ خالد ملتا نی نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے جہاں قرآن کریم کی حفاظت کاذمہ لیا ہے وہیں پر حدیث کی حفاظت کا بھی ذمہ اُٹھا رکھا ہے۔ قرآن کی طرح حدیث بھی وحی الٰہی ہے اور حدیث کی حجیت مسلمانوں کے ہاں مسلمہ ہے۔اہل حدیث یوتھ فورس پاکستان کے سیکرٹری جنرل سلمان اعظم نے کہا کہ ختم نبوت کے منکر مرزا قادیانی کی موت دنیا کیلئے عبرت ہے اور صحابہ کرام کی گستاخی پر ملک میں سخت قانون سازی کی ضرورت ہے۔مولانا ابراہیم طارق آف کراچی نے کہا کہ گمراہی و ضلالت سے بچنے کا صرف ایک ہی راستہ ہے کہ تمام نظریات میں ہم اپنے اسلاف کا راستہ اختیار کریں۔ صحابہ کرام اسلام کے اولین پاسبان ہیں، ان کے بارے میں زبان طعن دراز کرناحقیقت میں ذخیرئہ حدیث پر اعتراض کرنا ہے جو کہ اللہ کی وحی پر اعتراض کرنے کے مترادف ہے۔ سالانہ جلسہ تقسیم اسناد و انعامات میں اسٹیج سیکرٹری کے فرائض مدیر الجامعہ حافظ أحمد حقیق ،حافظ عبدالغفور مدنی اور مولانا عکاشہ مد نی نے سرانجام دئیے۔ اس موقع پر جامعہ سے سند فراغت اور مختلف انعامی مقابلوںمیں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء میں اسناد و انعامات تقسیم کیے۔ اس تقریب صحیح بخاری شریف اور جلسہ تقسیم اسنادمیں جہلم کے علاوہ تحصیل دینہ، تحصیل سوہاوہ، تحصیل پنڈدادنخان، چکوال، منڈی بہائوالدین، گجرات، میرپور آزاد کشمیر، گوجر خان، کلرسیداں، دولتالہ اور دیگر علاقوں سے بھاری تعداد میں لوگوں نے قافلوں کی صورت میں جوق در جوق شرکت کی۔

Mehr Asif

Chief Editor Contact : +92 300 5441090

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

I am Watching You