کالم/مضامین

حیدر آباد کے فٹ پاتھوں پر قبضہ مافیا کا راج، انتظامیہ خاموش تماشائی

تحریر: (راجہ آس بن آس)

حیدر آباد، جو کبھی اپنی کشادگی، صفائی اور منظم بازاروں کے لیے مشہور تھا، آج فٹ پاتھوں پر قبضہ مافیا، غیر قانونی اسٹالز اور بلدیاتی کرپشن کے باعث بدحالی کی علامت بن چکا ہے۔ شہر کی سڑکیں تنگ، بازار بے ترتیب اور فٹ پاتھ مکمل طور پر غائب ہو چکے ہیں۔شہر کے مصروف تجارتی مراکز ریشم بازار، حیدر چوک، پکا قلعہ، پریٹ آباد، لطیف آباد نمبر چھ آٹھ گیارہ بارہ اور صدرا بازار مکمل طور پر تجاوزات کی زد میں ہیں۔جہاں کبھی شہری اطمینان سے چہل قدمی کرتے تھے، وہاں آج غیر قانونی ریڑھیاں، کپڑوں کے اسٹال اور ہوٹل نما چھپر دکانیں قابض ہیں۔ خواتین اور طلبہ سڑکوں پر چلنے پر مجبور ہیں جبکہ ٹریفک جام معمول بن چکا ہے۔ضلعی و بلدیاتی ادارے وقتاً فوقتاً تجاوزات کے خلاف کارروائیاں کرتے ہیں مگر وہ صرف رسمی نوعیت کی ہوتی ہیں۔چند دکانیں گرائی جاتی ہیں، تصاویر میڈیا کو دی جاتی ہیں، اور اگلے ہی دن قبضہ مافیا دوبارہ اپنے ٹھکانے جما لیتا ہے۔یہ چکر برسوں سے جاری ہے جس نے شہریوں کے اعتماد کو مکمل طور پر مجروح کر دیا ہے۔بلدیاتی اہلکاروں اور ریڑھی بانوں کے درمیان روزانہ کی بنیاد پر لین دین ایک کھلا راز ہے۔ فٹ پاتھ پر جگہ حاصل کرنے کے لیے مخصوص "حصہ” دیا جاتا ہے، اور یوں غیر قانونی قبضے کو قانونی تحفظ مل جاتا ہے۔یہی وہ مافیا نیٹ ورک ہے جو شہر کے نظم و ضبط کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے۔شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ مئیر اور ڈپٹی کمشنر حیدر آباد اس صورتحال پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
نہ کوئی جامع پالیسی بنائی گئی، نہ طویل المدتی منصوبہ بندی اگر شہر کے سب سے بڑے ذمہ دار ہی بے بس یا لاتعلق رہیں، تو عام شہری کس سے امید باندھیں؟عوامی و سماجی حلقوں نے چیف سیکریٹری سندھ، کمشنر حیدر آباد اور وزیر بلدیات سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر مستقل بنیادوں پر تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے، اور ان اہلکاروں کے خلاف کارروائی ہو جو روزانہ بھتہ وصولی میں ملوث ہیں۔فٹ پاتھ کسی بھی شہر کی پہچان ہوتے ہیں، مگر حیدر آباد کے فٹ پاتھ اب مافیا کے قبضے میں ہیں۔اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو اس تاریخی شہر کی شناخت صرف "قبضہ مافیا” اور "انتظامی ناکامی” بن کر رہ جائے گی۔
وقت کا تقاضا ہے کہ بلدیاتی و انتظامی ادارے خوابِ غفلت سے جاگیں اور حیدر آباد کو دوبارہ سانس لینے کا موقع دیں۔

Mehr Asif

Chief Editor Contact :03315456655 03005441090

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

I am Watching You