جہلم۔دینہ ( ملک وسیم اختر) اسسٹنٹ کمشنر دینہ سعدیہ ڈوگر نے جی ٹی روڈ سے گرینڈ اینٹی انکروچمنٹ آپریشن کا آغاز کر دیا

جہلم۔دینہ ( ملک وسیم اختر) اسسٹنٹ کمشنر دینہ سعدیہ ڈوگر نے جی ٹی روڈ سے گرینڈ اینٹی انکروچمنٹ آپریشن کا آغاز کر دیا ، آپریشن میں امتیازی سلوک روا رکھا جا رہا ہے ، سیاسی حلقے ، آپریشن میرٹ پر جاری ہے ، عوامی حلقے ، تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت اسسٹنٹ کمشنر دینہ سعدیہ ڈوگر نے گزشتہ روز سے گرینڈ اینٹی انکروچمنٹ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے ۔ جی ٹی روڈ پر بنی تمام تر پُختہ و عارضی تجاوزات کا سرے سے خاتمہ کر دیا گیا ہے ۔ پولیس کی موجودگی میں ہیوی مشینری کے ساتھ آپریشن کیا گیا ۔ دوران آپریشن ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس بھی دینہ آ گئے اور موقع پر جاری آپریشن کا جائزہ لیا ۔ اس اینٹی انکروچمنٹ آپریشن میں چیف آفیسر میونسپل کمیٹی دینہ گلشن نورین اپنے عملہ کے ہمراہ موجود تھیں ۔ اگلے مرحلے میں منگلا روڈ ، مین بازار اور ریلوے روڈ پر بھی آپریشن کیا جائے گا ۔ گرینڈ آپریشن کے بارے میں سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ دور میں بھرتی کیے گئے میونسپل کمیٹی دینہ کے عملہ نے اس تجاوزات آپریشن کو اپنی مرضی کا رُخ دے دیا ہے اور امتیازی سلوک روا رکھا جا رہا ہے جبکہ عوامی حلقوں نے کہا ہے کہ یہ آپریشن 100 فیصد میرٹ پر کیا جا رہا ہے لیکن ریڑھی بانوں کو پہلے نوٹس دیا جانا چاہیے تھا ۔ تجاوزات آپریشن بارے شہریوں کی رائے ہے کہ میونسپل کمیٹی دینہ کا عملہ خود عارضی و پُختہ تجاوزات قائم کروا کر اُن سے بھتہ وصول کرتا ہے ۔ اسی عملے نے مبینہ طور پر پیسے لے کر سروس روڈ پر کیبن لگوا کر عوام کے گزرنے والا راستہ انتہائی تنگ کر دیا گیا ہے ۔ شہریوں کا مزید کہنا ہے عوامی سہولت کے لئے تجاوزات آپریشن میرٹ پر جاری رکھا جائے اور سروس روڈ پر لگے کیبن بھی ختم کروائے جائیں ۔*



