جامعہ کراچی اور نیوٹریشن انٹرنیشنل کے اشتراک سے صنعتی طور پر تیار شدہ ٹرانس فیٹی ایسڈز

*جامعہ کراچی اور نیوٹریشن انٹرنیشنل کے اشتراک سے صنعتی طور پر تیار شدہ ٹرانس فیٹی ایسڈز کے خاتمے سے متعلق آگاہی و تربیتی سیشن کا انعقاد*
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) جامعہ کراچی کے شعبہ فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے نیوٹریشن انٹرنیشنل کے اشتراک سے صنعتی طور پر تیار شدہ ٹرانس فیٹی ایسڈز (iTFA) کے خاتمے اور اس کے موثر نفاذ سے متعلق آگاہی و تربیتی سیشن کا انعقاد کیا۔ اس سیشن کا مقصد متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو iTFA کے انسانی صحت پر مضر اثرات اور اس کے تدارک کے عملی اقدامات سے آگاہ کرنا تھا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی جامعہ کراچی کے قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حارث شعیب نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ سیشن نہ صرف آگاہی بڑھانے کے لئے اہم ہے بلکہ فوڈ اتھارٹیز کی عملدرآمدی صلاحیت میں اضافے کا موثر ذریعہ بھی ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی ٹرانس فیٹس کو فوری طور پر کنٹرول کرنا ناگزیر ہے کیونکہ یہ پاکستان میں غیر متعدی امراض، خصوصاً دل کے امراض، کی بڑی وجہ بن چکا ہے۔ رئیس کلیہ علوم جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر بلقیس گل نے اپنی گفتگو میں ترمیم شدہ ٹرائی ایسائل گلیسرول (Triacylglycerol) ڈھانچوں پر مبنی چکنائیوں کی تیاری سے متعلق سائنسی تحقیق کی اہمیت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مختلف آئل سیڈ اقسام میں فیٹی ایسڈز کے ڈھانچوں کو بہتر بنا کر iTFA میں کمی لانا ممکن ہے، جو عوامی صحت کے لیے ایک مؤثر اور سائنسی متبادل ثابت ہو سکتا ہے۔
پروگرام میں ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی وقار خورشید عالم بمعہ اپنی ٹیم، ڈائریکٹر ٹیکنیکل سندھ فوڈ اتھارٹی ڈاکٹر احمد علی شیخ، ڈائریکٹر پی ایس کیو سی اے اشرف پلاری، ڈاکٹر طاہرہ ظہیر، ڈاکٹر عمر مختار (پی سی ایس آئی آر) اور نیوٹریشن انٹرنیشنل کے نیشنل پروگرام منیجر حفیظ اللہ گمبھیر اپنی ٹیم کے ہمراہ شریک ہوئے۔
اس موقع پر صدرشعبہ فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی جامعہ کراچی، ڈاکٹر محمد عبدالحق نے فوڈ انڈسٹری میں iTFA فری مصنوعات کی تیاری کے چیلنجز پر روشنی ڈالی،جبکہ شعبہ فوڈ سائنس کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر سید محمد غفران سعید نے iTFA کی 2 فیصد سے زائد مقدار پر مبنی چکنائیوں کے انسانی صحت پر مضر اثرات کے سائنسی پہلوؤں پر تفصیلی تجزیہ پیش کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں غیر متعدی امراض سے ہر سال 10 میں سے 6 اموات ہوتی ہیں، جبکہ ان میں سے 10 میں سے 3 اموات دل کے امراض (Cardiovascular Diseases) کی وجہ سے واقع ہوتی ہیں، جو iTFA کے مضر اثرات کی سنگینی کو واضح کرتی ہیں۔ پروگرام کے اختتام پر تمام شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کھانے کی چکنائیوں میں ٹرانس فیٹی ایسڈ کی مقدار 2 فیصد سے کم رکھنے کے لیے موجودہ قوانین پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ شرکاء نے کہا کہ یہ اقدام عوامی صحت کے تحفظ اور پاکستان کو عالمی صحت کے معیار کے مطابق بنانے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔




