جامعہ کراچی اور آئس بریکر فاؤنڈیشن کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

*جامعہ کراچی اور آئس بریکر فاؤنڈیشن کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط*
*آئس بریکر فاؤنڈیشن شعبہ کمپیوٹر سائنس کے دو کلاس رومز کو عصر حاضر کے جدید تقاضوں کے مطابق اسمارٹ کلاس رومز میں تبدیل کرکے دیگا*
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) جامعہ کراچی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس اور آئس بریکر فاؤنڈیشن کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب گزشتہ روز وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں منعقد ہوئی۔ مفاہمتی یادداشت پر جامعہ کراچی کی قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شائستہ تبسم اور آئس بریکر فاؤنڈیشن کے وائس چیئر مین محمد شعیب نے دستخط کئے۔ مفاہمتی یادداشت کے مطابق آئس بریکر فاؤنڈیشن شعبہ کمپیوٹر سائنس کے دو کلاس رومز کو عصر حاضر کے جدید تقاضوں کے مطابق اسمارٹ کلاس رومز میں تبدیل کرکے دے گا۔ اس کیساتھ ساتھ دونوں ادارے باہمی طور پر انڈسٹریل، اکیڈمک اشتراک اور تحقیقی سرگرمیوں کو فروغ دیں گے۔ مذکورہ کلاس رومز کو سمارٹ کلاس رومز میں تبدیل کرنے کا بنیادی مقصد شعبہ کمپیوٹر سائنس میں عنقریب بی ایس ان آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے شروع ہونے والے چارسالہ پروگرام کی کلاسز کا ان اسمارٹ کلاس رومز میں انعقاد ہے۔ اس موقع پر رجسٹرار جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر عبدالوحید، رئیس کلیہ علوم جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر مسرت جہاں یوسف، شعبہ کمپیوٹر سائنس کے چیئر مین ڈاکٹر صادق علی خان، شعبہ کے فیکلٹی ممبران اور ڈائریکٹر آفس آف ریسرچ اینوویشن اینڈ کمرشلائزیشن جامعہ کراچی ڈاکٹر سیدہ حورالعین اور انکا اسٹاف بھی موجود تھا۔




