
ننکانہ صاحب: وفاقی وزیر انسداد منشیات بریگیڈیئر (ر) اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم سمیت پوری پاکستانی قوم سانحہ مچھ پر غمزدہ ہے، بلوچستان کے حالات خراب کرنے میں بھارت ملوث ہے، واقعہ میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر سے منشیات کے خاتمہ کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ ملک میں 33 فیصد افراد منشیات کے استعمال کی وجہ سے ذہنی بیماریوں کا شکار ہو جاتے ہیں۔ منشیات فروشی پر قابو نہ پایا گیا تو آئندہ سات سالوں کے اندر بچوں میں بیماریوں کی شرح میں 50 فیصد اضافہ ہو جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ننکانہ صاحب کے علاقے کوٹ فاضل میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی طرف سے دیئے گئے ظہرانہ میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر انسداد منشیات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی کئی سال پہلے کی پیشگوئی کے مطابق ساری اپوزیشن ان کی مخالفت میں اکٹھی ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پورے ملک سے منشیات فروشی کے خاتمے کے لئے بھرپور کارروائیاں کی جائیں گی، ہر پاکستانی منشیات کے خاتمے کے لئے اداروں اور حکومت کا ساتھ دے۔
اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ ننکانہ صاحب کو ماڈل ضلع بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، بابا گرونانک یونیورسٹی کے قیام سے نسلیں سنوریں گی اور علاقے میں تعلیمی انقلاب برپا ہوگا۔



