بشریٰ بی بی سے متعلق سیاق و سباق سے ہٹ کربیانات چلائے جا رہے ہیں: بیرسٹرسیف

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی سے متعلق سیاق و سباق سے ہٹ کربیانات چلائے جا رہے ہیں۔
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بشریٰ بی بی نے یہ بالکل نہیں کہا کہ جنرل باجوہ کو سعودی عرب یا محمد بن سلمان نے کال کرکے شریعت کے بارے میں بات کی۔
انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی نے سعودی عرب یا محمد بن سلمان پر کوئی الزام عائد نہیں کیا، محمد بن سلمان اور بانی پی ٹی آئی کے مثالی تعلقات ہیں، حکومت بانی پی ٹی آئی اور محمد بن سلمان کے تعلقات کو خراب کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
صوبائی مشیر نے کہا کہ بشریٰ بی بی کے بیان کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کا مقصد احتجاج سے توجہ ہٹانا بھی ہے، احتجاج سےتوجہ ہٹانےکےلئے جعلی حکومت کچھ بھی کرنےکو تیارہے، اس جعلی حکومت پر احتجاج کا شدید خوف طاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں:عمران مدینہ ننگے پاؤں جا کر آئے تو باجوہ کو فون آنے لگے آپ کسے لے آئے؟ بشریٰ بی بی
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایک ویڈیو بیان میں بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان جب مدینہ ننگے پاؤں گئے اور واپس آئے تو جنرل باجوہ کو کالز آنا شروع ہو گئیں، باجوہ کو کہا گیا کہ یہ آپ کس شخص کو لے کر آئے ہیں ، ہمیں ایسے لوگ نہیں چاہئیں، باجوہ کو کہا گیا ہم تو ملک میں شریعت ختم کرنے لگے ہیں اور آپ ایسے شخص کو لے کر آئے۔
اپنے ویڈیو پیغام میں بشریٰ بی بی نے کہا کہ تب سے ہمارے خلاف گند ڈالنا شروع کر دیا گیا، میرے خلاف گند ڈالا گیا ، بانی پی ٹی آئی کو یہودی ایجنٹ کہنا شروع کیا گیا۔



