کالم/مضامین

آپ الشيخ قاسم فیوضات حضرت مولانا امیر محمد اکرم اعوان رحمتہ اللہ علیہ کے صاحبزادے ہیں

—– حضرت امیر عبدالقدیر اعوان مدظلہ العالی —–

تعارف شیخِ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ

شیخ المکرم حضرت امیر عبدالقدیر اعوان مدظلہ العالی
آپ الشيخ قاسم فیوضات حضرت مولانا امیر محمد اکرم اعوان رحمتہ اللہ علیہ کے صاحبزادے ہیں۔ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کے موجودہ شیخ المکرم ہیں۔ آپ وہ واحد خوش بخت ترین انسان ہیں جن کے بارے میں حضرت جی قاسم فیوضات امیر محمد اکرم اعوان رحمتہ اللہ علیہ نے اپنی حیات مبارکہ میں فرمایا تھا کہ
” ان کے ساتھ ذکر کرنے کا اتنا ہی فائدہ ہو گا جتنا
خود میرے ساتھ ذکر کرنے کا ہوتا ہے۔”

شیخ المکرم حضرت امیر عبدالقدیر اعوان مدظلہ العالی 26 مارچ 1973ء کو منارہ ضلع چکوال میں پیدا ہوئے۔ 1987ء میں آپ نےصقارہ اکیڈمی میں داخلہ لیا۔ یوں آپ کا شمار اولین صقارین میں ہوتا ہے ۔ بعد ازاں آپ نے صقاره کالج لاہور سے تعلیم حاصل کی۔

نہایت کم عمری میں(سن 1994ء) آپ کو سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کے مرکز دارالعرفان منارہ کے انتظام و انصرام کی بھاری ذمہ داری سونپی گئی۔ جسے آپ نے نہایت حسن و خوبی سے نبھایا۔

آپ سن2001ء کو تنظیم الاخوان پنجاب کے صدر مقرر ہوئے۔ اس کے ساتھ ساتھ مرکز دارالعرفان منارہ کے ناظم کی حیثیت سے بین الا قوامی سطح پر سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کے جملہ امور کی انجام دہی میں بھی اپنے والد محترم قاسم فیوضات حضرت امیر محمد اکرم اعوان رحمتہ اللہ علیہ کا بھر پور ساتھ دیا۔

آپ کو سن 2003ء میں سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کے ناظم اعلیٰ ہونے کا شرف حاصل ہوا۔ جس کے بعد آپ نے ملک کے طول و عرض کے دورے شروع فرمائے ۔ آپ بڑےشہروں سے لے کر دور دراز اور پسماندہ علاقوں تک میں تشریف لے گئے اور سلسلہ عالیہ کے فروغ کی سعی فرمائی۔

آپ نے سن 2010ء سے اپنے والد محترم کے تزکیہ نفس اور تصفیہ باطن کے عظیم مشن کو بین الا قوامی سطح پر جاری رکھنے کے لیے بیرونِ ملک دوروں کا آغاز فرمایا۔ آپ نے یورپ امریکہ اور مشرق وسطی کے ممالک کے سفر کئے۔ آج بھی سال کا اکثر و بیشتر حصہ آپ ملکی و غیر ملکی سطح کے دوروں میں صرف فرماتے ہیں ۔

حضرت جی قاسم فیوضات حضرت امیر محمد اکرم اعوان رحمته الله علیہ کی طرف سے آپ کو تعویذ لکھنے اور دم کرنے کی بھی خصوصی اجازت حاصل رہی ہے۔ جس سے بے شمار لوگ مستفید ہوتے رہے۔ اس بے پناہ مصروفیت اور شبانہ روز محنت کے ساتھ ساتھ آپ ماہنامہ "المرشد” کا اداریہ لکھتے ہوئے قلم و قرطاس سے رشتہ بھی نبھا رہے ہیں۔ جنہیں پڑھ کر علم لدنی کی گہرائی، بلاغت اور وسعت پر ایمان تازہ ہو جاتا ہے ۔ علاوہ ازیں متعدد اور متنوع عنوانات پر آپ کے قابل قدر مضامین ، تبصرے اور انٹر ویوز کئی اخبارات و جرائد میں وقتا فوقتاً شائع ہوتے رہتے ہیں۔
ٹی-وی کے مختلف پروگرامز اور ٹاک شوز میں بھی آپ شمولیت فرماتے ہیں۔

سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کے ناظم اعلیٰ ہونے کی حیثیت سے آپ سلسلہ عالیہ کے تمام تر شعبہ جات کے انتظامی امور کی بذات خود خصوصی نگرانی فرماتے رہے۔ ان شعبہ جات میں ملکی اور غیر ملکی سطح پر قائم دارالعرفان کے مراکز ، صقاره نظام تعلیم کے تحت قائم شدہ ادارے ، تنظیم الاخوان، تنظیم الاخوات ، الفلاح فاؤنڈیشن اور شعبہ نشرواشاعت وغیرہ شامل ہیں ۔ جن کے انتظامی امور کی جزئیات سے لے کر تفصیلات تک آپ کی گہری نظر رہی ہے۔

الغرض احیائے اسلام اور ترویج دین کی کوششوں میں آپ تمام ذرائع ابلاغ کو بھر پور طریقے سے استعمال میں لا رہے ہیں۔

مسلمانوں کی عظمت رفتہ کی یاد تازہ کرنے کے لیے آپ نوجوانوں کی کردار سازی پر بھی خصوصی توجہ مبذول فرمارہے ہیں ۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اپنی تمام تر اہم ذمہ داریوں کی ادائیگی کے باوجود آپ علاقائی سیاست اور اپنے خانگی امور کی انجام دہی سے بھی پہلو تہی نہیں فرماتے۔ الغرض آپ اپنے والد محترم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے زندگی کے تمام شعبہ جات میں اپنا فعال کردار ادا فرما رہے ہیں ۔

قاسم فیوضات حضرت امیر محمد اکرم اعوان رحمتہ اللہ علیہ 7 دسمبر 2017ء کو دارِدنیا سے پردہ فرمانے کے بعد سلسلہ عالیہ کے تمام احباب نے آپ کے ہاتھ پر تجدید بیعت کی سعادت حاصل کی، اور آپ متفقہ طور پر سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کے شیخ المکرم منتخب ہوئے۔ آپ نے اپنے والد گرامی کی خدمت میں رہ کر چالیس برس تک جو روحانی تربیت اور برکات نبوی صلی اللہ علیہ وسلم حاصل کی ان کا اظہار آپ کی شخصیت سے عیاں ہیں۔آپ سلسلہ عالیہ کی مرکزی ویب سائٹ
پر سالکین کو Round the Globe روزانہ نماز عشاء کے بعد آن لائن ذکر قلبی کراتے ہیں۔

اتباع شریعت کی خصوصی تلقین و تاکید فرماتے ہیں۔
موجودہ دور کے مسائل کا حل ذکر قلبی اور اتباع آقائے نامدار صلی اللہ علیہ والہ وسلم میں قرار دیتے ہیں .حقوق کی بجائے فرائض کی ادائیگی ، مخلوق خدا سے محبت اور با عمل زندگی کا درس دیتے ہیں۔
دعا ہے کہ اللہ تعالی رب العزت ہمارے حضرت شیخ المكرم
مدظلہ العالی کو سربلندی و سر فرازی، صحت و تندرستی اور ترقی درجات کے ساتھ عمر دراز عطافرمائیں اور ہم سب کو آپ کی حیات مبارکہ کے قیمیتی لمحات سے فیض یاب ہونے کی توفیق عطا فرمائیں۔ آمین

Mehr Asif

Chief Editor Contact :03315456655 03005441090

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

I am Watching You