جہلم

آپریشن بنیان مرصوص: ایک شاندار عسکری باب — پاکستانی افواج نے جرأت و بصیرت کی نئی تاریخ رقم

آپریشن بنیان مرصوص: ایک شاندار عسکری باب — پاکستانی افواج نے جرأت و بصیرت کی نئی تاریخ رقم کر دی — سعد محمد مدنی

جہلم (محمد زاہد خورشید) نائب ناظم اعلیٰ مرکزی جمعیت اہل حدیث پنجاب اور مدیرِ امور داخلی جامعہ علوم اثریہ جہلم، سعد محمد مدنی نے کہا ہے کہ آپریشن “بنیان مرصوص” کی تاریخی کامیابی پاکستان کے دفاع، خودمختاری اور عوامی تحفظ کے لیے ایک غیر معمولی عزم و بصیرت کا عملی مظہر ہے، جو صرف ایک فوجی معرکہ نہیں بلکہ قومی وقار کا بلند ترین مظاہرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے جس جرات، حکمت اور جذبۂ ایثار کے ساتھ دشمن کی جارحیت کا جواب دیا، وہ نہ صرف قابلِ تحسین ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے قابلِ تقلید بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی افواج کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں جنہوں نے دشمن کو وہ سبق سکھایا جو تاریخ میں سنہرے الفاظ سے لکھا جائے گا۔ سعد محمد مدنی نے کہا کہ بھارت جس تدبر اور ضبطِ نفس کو ہماری کمزوری تصور کر رہا تھا، درحقیقت وہ ہماری حکمت و حوصلہ کی علامت تھا۔ لیکن جیسے ہی وقت نے تقاضا کیا، پاکستان کی افواج نے پورے خطے کے تزویراتی توازن کو تبدیل کر دینے والا ایسا فیصلہ کن اور ٹھوس جواب دیا، جس نے دشمن کے تمام دعووں کو بے نقاب کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ “بنیان مرصوص” محض ایک آپریشن نہیں، بلکہ ایک جامع دفاعی حکمت عملی کا شاہکار ہے، جس میں پاکستان کی فوج نے دشمن کی گہرائی میں جا کر اپنے اہداف کو غیر معمولی درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا اور جدید ترین بھارتی دفاعی نظام کو مفلوج کر کے رکھ دیا۔ یہ اس امر کا ثبوت ہے کہ پاکستان نہ صرف عزم و حوصلے کا پیکر ہے بلکہ تکنیکی برتری اور عسکری صلاحیتوں سے بھی مالا مال ہے۔ سعد محمد مدنی نے مزید کہا کہ یہ عظیم الشان کامیابی ہمیں اپنے رب کے حضور سجدہ شکر بجا لانے کی دعوت دیتی ہے۔ افواجِ پاکستان کی منصوبہ بندی، تربیت اور میدانِ عمل میں مہارت نے دنیا کو یہ باور کرا دیا ہے کہ پاکستان کی عسکری قوت کو کسی بھی زاویے سے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے اس موقع پر عالمی طاقتوں، خصوصاً امریکہ، سعودی عرب، ترکی، متحدہ عرب امارات اور قطر کی جانب سے علاقائی امن کے لیے کی جانے والی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر اور پاکستان کی جغرافیائی خودمختاری کو انصاف کے ساتھ حل نہیں کیا جاتا، اس خطے میں کوئی پائیدار امن ممکن نہیں۔ سعد محمد مدنی نے مزید کہا کہ آج کا پاکستان ایک باشعور، باہمت اور باوقار قوم کی حیثیت سے دنیا کے سامنے کھڑا ہے۔ ہماری افواج ہمارا فخر اور ہماری سلامتی کی مضبوط دیوار ہیں، جو ایک ہاتھ سے مہمان نوازی کرتی ہیں اور دوسرے ہاتھ سے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیتی ہیں۔ پاکستان کا دفاع ہماری اولین ترجیح ہے، اور اس میں کسی قسم کی غفلت یا نرمی کا تصور بھی محال ہے۔

Mehr Asif

Chief Editor Contact :03315456655 03005441090

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

I am Watching You