کے ڈی اے نے منفی تشہیری پروپیگنڈے کے خلاف کارروائی کے لیے خطوط ارسال کر دیے

کراچی (بیورو رپورٹ) : ادارہ ترقیات کراچی (کے ڈی اے) نے ادارے کے خلاف مبینہ طور پر گمراہ کن معلومات پھیلانے اور اس کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں سے رجوع کرلیا ہے۔ اس سلسلے میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)، نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) اور سوشل میڈیا پروٹیکشن اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کو ضروری کارروائی کے لیے خطوط ارسال کیے گئے ہیں۔

کے ڈی اے کے ترجمان کے مطابق نارتھ ناظم آباد، بلاک آر میں واقع پلاٹ نمبر C-19 کے حوالے سے گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد اور غیر مصدقہ قرار دیا گیا ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ کسی بھی معاملے پر حتمی رائے قائم کرنے سے قبل متعلقہ حقائق، سرکاری ریکارڈ اور قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینا ضروری ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ شہریوں کے حقوق اور قانونی املاک کا تحفظ، شفافیت اور قانون کی بالادستی ادارے کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہیں۔ غیر مصدقہ معلومات کی تشہیر سے عوام میں غلط فہمیاں پیدا ہونے کے ساتھ سرکاری اداروں پر اعتماد بھی متاثر ہوسکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی سوشل میڈیا پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والے ملازمین کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف متعلقہ سروس قوانین کے تحت قانونی اور محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔

کے ڈی اے نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ شہر کی تعمیر و ترقی اور عوامی خدمت کے لیے اپنی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ انداز میں ادا کرتا رہے گا۔ ترجمان نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ غیر مصدقہ اطلاعات پر یقین کرنے یا انہیں آگے پھیلانے سے گریز کریں اور مستند معلومات کے لیے ادارے کے متعلقہ حکام سے رجوع کریں۔



