
جہلم : وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق ڈپٹی کمشنر جہلم راؤ پرویز اختر نے گورنمنٹ تبلیغ السلام ہائی سکول جہلم میں انٹر تحصیل سکول ٹگ آف وار مقابلوں کے پہلے میچ کا افتتاح کیا،
اس موقع پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر عبدالوحید، ڈی ای او سید مظہر اقبال،وحید جاوید پرنسپل تبلیغ سکول سمیت اساتذہ کرام اور طلبہ کثیر تعداد میں موجود تھے، تفصیلات کے مطابق کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے ضلعی انتظامیہ جہلم اور سپورٹس ڈپارٹمنٹ جہلم کی جانب سے مختلف مقابلے منعقد کیے جا رہے ہیں جو 24،25،26فروری کو ضلعی سطع پر جاری رہیں گے، اسی ضمن میں سکول میں آج رسہ کشی کا مقابلہ بھی کروایا گیا۔
قبل ازیں سپورٹس ڈیپارٹمنٹ جہلم کی جانب سے کرکٹ،کراٹے،اتھلیٹیکس، والی بال ٹیبل ٹینس سمیت دیگر مقابلے بھی منعقد کیے جا رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر راؤ پرویز اختر نے کہا ہے کہ مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہے، انہوں نے بتایا کہ تمام کھیلوں کے مقابلہ جات کووڈ 19ایس او پیز کو مد نظر رکھتے ہوئے منعقد کیے گئے ہیں، ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ کھیل جہاں طالب علموں کو ڈسپلن کی تربیت دیتے ہیں، وہاں ایمانداری، لگن، برداشت، امن اور رواداری کا جذبہ بھی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں،
انکا کہنا تھا کہ ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنے نوجوانوں کو مایوسی اور ناامیدی کے اندھیروں سے نکال کر مثبت اورتعمیری سرگرمیوں کی طرف راغب کریں تا کہ وہ اپنا روشن مستقبل دیکھ سکیں۔ ڈی یس او عبدالوحید نے کہا ہے کہ کھیلوں کا مقصد نوجوان کو صحت تفریح فراہم کرنا ہے،ضلع جہلم کھیلوں کے حوالے سے بھی ذ رخیز سرزمین اور مختلف مقابلوں میں نامور کھلاڑی پیدا کئے جنھوں نے دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کیا۔