باتسلیمات ضلعی آفیسر اطلاعات حکومت پنجاب، جہلم
جہلم : ڈپٹی کمشنر جہلم نعمان حفیظ نے ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹر ہسپتال کی چائلڈ وارڈ میں پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر 13 سے 17 دسمبر تک جاری رہنے والی پولیو مہم کا افتتاح کر دیا ہے۔ پولیو مہم کے دوران ضلع بھر میں 1 لاکھ 91 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے اور وٹامن اے کے کیپسول دئیے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر نعمان حفیظ نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ بچوں کو زندگی بھر کی معذوری سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سول سوسائٹی، علماء کرام اور اساتذہ کرام پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لئے اپنا کر دار ادا کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع جہلم میں پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا، محکمہ صحت پہلے کی طرح اس بار بھی اپنا ٹارگٹ بخوبی پورا کرے گی اور پولیو ٹیموں کی روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کے دوران پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔ پولیو مہم کے لیے ضلع جہلم میں 56 یونین کونسلوں میں 5 سال سے کم عمر 191,068 بچوں کو قطرے پلانے کے لیے کل 906 ٹیمز کام کریں گی جن میں 808 موبائل ٹیمز ، 74 فکسڈ ٹیمز اور 24 ٹرانزٹ ٹیمز شامل ہیں۔ اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر وسیم اقبال، کامنیٹ یونیسیف سبطین اعوان، میڈیا نمائندگان اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
رپورٹ:راجہ فیصل کیانی بیورو چیف پنجاب



