جہلم بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کیلئےقائم اورسیز پاکستانیز کمیشن کا اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ڈاکٹر وقار خان کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔
ایڈیشنل ڈپٹی ریونیو وقار خان نے سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے متعلقہ محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ پولیس اور متعلقہ سرکاری محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں اورسیز پاکستانیز کمیشن کو سمندر پار پاکستانیوں کی طرف سے موصول ہونے والی 12 شکایات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور موقع پر ہی ان کے حل کے لیے احکامات جاری کیے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کا تیز رفتار اور میرٹ پر حل کمیشن کی اولین ترجیح ہے تاکہ سمندر پار پاکستانیوں کے خاندانوں کو جلد از جلد اور مؤثر ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک مقیم پاکستانی ہمارا سرمایہ ہیں۔ انہوں نے اس امرکی تاکید کی کہ تمام تر قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے مسائل کا حل ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے۔
رپورٹ:چوہدری عابد حسین بیورو چیف جہلم