جہلم(ملک وسیم اختر)رواں سال کی پہلی پولیو مہم 3 سے 7 فروری تک جاری رہے گی، تفصیلات کے مطابق

جہلم(ملک وسیم اختر)رواں سال کی پہلی پولیو مہم 3 سے 7 فروری تک جاری رہے گی، تفصیلات کے مطابق سال 2025 میں پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت کی جانب سے مسلسل اقدامات جاری ہیں۔ اس سلسلے میں ضلع جہلم میں پہلی پولیو مہم 3 سے 7 فروری تک منعقد ہوگی۔ پانچ روزہ اس مہم کے دوران 2 لاکھ 28 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس مہم میں 1700 سے زائد پولیو ورکرز حصہ لیں گے جو گھر گھر جا کر پانچ سال سے کم عمر کے ہر بچے تک پہنچنے کی کوشش کریں گے۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں محکمہ صحت کے افسران نے بتائی۔ اجلاس میں محکمہ تعلیم، پولیس، صحت، لٹریسی ڈیپارٹمنٹ، ریسکیو 1122، علما کرام اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے کہا کہ پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع جہلم میں گزشتہ سال تمام پولیو مہمات میں مقررہ اہداف کامیابی سے حاصل کیے گئے تھے اور اس مرتبہ بھی ہر پانچ سال سے کم عمر بچے تک رسائی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ ویکسینیشن کا عمل مکمل کیا جا سکے۔