اسحاق ڈار کے گھر کے سامنے پارک میں پناہ گاہ بنانے کی مشروط اجازت
لاہور: پی ایچ اے نے ضلعی انتظامیہ کو اسحاق ڈار کی رہائش گاہ کے سامنے پارک میں پناہ گاہ بنانے کیلئے دو ہفتوں کی مشروط اجازت دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پارک میں پناہ گاہ بنانے پر ضلعی انتظامیہ اور پی ایچ اے بھی آمنے سامنے آ گئے۔ پی ایچ اے نے بغیر اجازت کنٹینر لگانے پر ضلعی انتظامیہ سے جواب طلب کر لیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر پی ایچ اے گلبرگ نے اے سی ماڈل ٹاؤن کو تحریری اجازت نامے کیلئے ایک دن کی مہلت دیدی۔
اس تناؤ کی صورتحال کے بعد ڈپٹی کمشنر نے ڈی جی پی ایچ اے کو پارک کی اجازت دینے کی استدعا کی جس پر پی ایچ اے نے پارک میں دو ہفتے تک عارضی پناہ گاہ بنانے کی مشروط اجازت دے دی۔
پی ایچ اے نے ضلعی انتظامیہ سے درخواست کی ہے کہ پارک میں پودے اور دیگر املاک کو خراب ہونے سے بچایا جائے، نقصان کی صورت میں ذمہ دار ضلعی انتظامیہ ہوگی۔
دوسری جانب رہائشی علاقے کے پارک میں عارضی پناہ گاہ کے قیام سے علاقہ مکین پریشان نظر آئے۔ انہوں نے کہا پارک بچوں کے کھیلنے اور خواتین کی تفریح کے لیے ہے، غیر متعلقہ افراد کی پارک میں رہائش حکومت کا غلط فیصلہ ہے۔