چیئر مین مستقبل پاکستان کی پیرس اولمپکس میں ارشد ندیم کی کامیابی پر پوری پاکستانی قوم

چیئر مین مستقبل پاکستان کی پیرس اولمپکس میں ارشد ندیم کی کامیابی پر پوری پاکستانی قوم کو مبارک باد
نوجوان نسل کو فتنہ و فساد سے دور رکھ کر کھیلوں کی طرف راغب کرنے کی ضرورت ہے:انجینئر ندیم ممتاز قریشی
پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں،حکومت کرکٹ کے ساتھ دیگر کھیلوں کے فروغ پر بھی توجہ دے:چیئرمین
مستقبل پاکستان ملک کے دور دراز علاقوں اور شہروں میں موجود کھلاڑیوں کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کرتی آرہی ہے:گفتگو
ملک میں سپورٹس کے فروغ اور ویران میدانوں کوفوری آ باد کرنا ہوگا تاکہ نوجوان نسل صحت سرگرمیوں کی جانب راغب ہو
چیئرمین مستقبل پاکستان انجینئر ندیم ممتاز قریشی نے قوم کو ارشد ندیم کی تاریخی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے کہ 32 سال کی تاریخ میں پہلی بار پاکستان نے پیرس اولمپکس گیمز میں گولڈ میڈل جیتا ہے،ارشد ندیم کی یہ کامیابی پوری قوم کے لیے فخر کا باعث ہے اور اس سے پاکستان کی عالمی سطح پر مثبت پہچان میں اضافہ ہوا ہے،ہمیں اپنی نوجوان نسل کو فرقہ واریت، فتنہ و فساد سے دور رکھ کر کھیلوں کی جانب راغب کرنا ہوگا تاکہ وہ اپنے اندر چھپی ہوئی صلاحیتوں کو اجاگر کر کے ملک اور قوم کا نام دنیا بھر میں روشن کریں،پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے اگر کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کئے جائیں تو انہیں کامیاب ہونے سے کوئی بھی نہیں روک پائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کرکٹ کے ساتھ دیگر کھیلوں کے کھلاڑیوں پر توجہ دیتے ہوئے ان کیلئے فنڈز مختص اور قومی و بین الاقوامی سطح پر ان کی حوصلہ افزائی کی جائے۔انجینئر ندیم ممتاز قریشی نے کہا کہ مستقبل پاکستان شروع دن سے ملک کے دور دراز علاقوں اور شہروں میں موجود حقیقی کھلاڑیوں کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کرتی آرہی ہے تاکہ وہ معاشرتی بے راہ روی سے دور رہ کر صحت مندانہ سرگرمیوں کی طرف راغب ہوں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں سپورٹس کے فروغ اور ویران میدانوں کو ہنگامی بنیادوں پر آباد کرنے اور سہولیات فراہم کرنے کی اشد ضرورت ہے۔



