
راولپنڈی (افتخار خٹک) ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس صداقت علی خان نے تھانہ سول لائن کے دوہرے قتل میں سزا کے خلاف اپیل منظور کرتے ہوئے ماتحت عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا ہے اور ملزم کو دونوں مقدمات سے بری کرنے کا حکم دیا ہے تھانہ سول لائن پولیس نے کاشف نامی ملزم کے خلاف 11 مارچ 2022 کو دو الگ الگ مقدمات درج کئے تھے مقتول حسن علی کی والدہ عابدہ پروین کی مدعیت میں درج مقدمہ نمبر 271 کے مطابق کاشف نے اپنے گھر میں ساس اور اہلیہ پر فائرنگ کے بعد گلی میں موجود اس کے بیٹے کو بھی فائرنگ کر کے قتل کردیا جبکہ مقتولہ نسرین اختر کے بیٹے روحیل خالد کی مدعیت میں درج مقدمہ نمبر 272 کے مطابق کاشف نامی ملزم نے گھریلو جھگڑے پر فائرنگ کر کے اپنی ساس نسرین اختر اور اہلیہ خوشبو بی کو زخمی کردیا جبکہ نسرین اختر موقع پر ہی دم توڑ گئی دونوں مقدمات میں ٹرائل مکمل ہونے پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی محمد افضل مجوکہ نے جرم ثابت ہونے پر ملزم کو دو مرتبہ عمر قید کی سزا سنائی تھی ملزم نے جی ایم شاہ ایڈووکیٹ کے ذریعے ماتحت عدالت کے فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا گزشتہ روز عدالت نے ملزم کو بری کرتے ہوئے ماتحت عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا ۔




