چیئرمین مستقبل پاکستان کی جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصلیٹ پر حملے کی مذمت

چیئرمین مستقبل پاکستان کی جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصلیٹ پر حملے کی مذمت
جرمن حکومت حملے کی آزادانہ تحقیقات اور مجرموں کو سزا دے:انجینئر ندیم ممتاز قریشی
پاکستانیوں نے ہر مشکل وقت میں افغانیوں کا ساتھ دیا،حملہ انتہائی افسوس ناک ہے:چیئرمین
پاکستان نے افغانیوں کیلئے روس سے جنگ لڑی اور لاکھوں کی اب بھی میزبانی کررہا ہے:گفتگو
کسی ملک کے سفارتخانے پر حملہ اس پر حملہ ہوتا ہے،افغان حکومت اس پراپنا موقف واضع کرے
چیئرمین مستقبل پاکستان انجینئر ندیم ممتاز قریشی نے جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصلیٹ پر افغانیوں کے حملے اور پرچم کی بے حرمتی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جرمن حکومت پاکستانی قونصل خانے پر حملے کی آزادانہ تحقیقات کراتے ہوئے شرپسند عناصر کو منظر عام پر لائے اور انہیں کڑی سزائیں دلوائے تاکہ مستقبل میں اس طرح کی کوئی جرات نہ کرسکے،پاکستان اور افغانستان دو برادر اسلامی ممالک ہیں ان کے تعلقات میں بگاڑ پیدا کرنے والی کوئی تیسری طاقت بھی ملوث ہوسکتی ہے،پاکستانیوں نے ہر مشکل وقت میں افغانیوں کا ساتھ دیا اور گزشتہ کئی سالوں سے میزبانی کرتے آرہے ہیں افغان حکومت کو بھی چاہیے کہ وہ موجودہ حملے پر اپنا موقف واضع کرے کیونکہ کسی بھی ملک کے سفارتخانے پر حملہ اس پر حملے کرنے کے مترادف ہوتا ہے اس پر کسی طور بھی خاموش نہیں بیٹھا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان شروع دن سے شرپسندوں کے خاتمے کیلئے ملکی اور عالمی سطح پر اپنا کردار ادا کیا ہے تاہم اب جرمن حکومت کو بھی پاکستان کا ساتھ دینا ہوگا تاکہ شر پسند عناصر کا حقیقی معنوں میں قلع قمع کیا جاسکے۔انجینئر ندیم ممتاز قریشی نے کہا کہ پاکستان نے افغانیوں کیلئے روس سے جنگ لڑی اور اب دہشتگردی کیخلاف لڑ رہا ہے مگر اس کے باوجود افغانیوں کا پاکستان کے خلاف نفرت انگیز رویہ انتہائی نا مناسب ہے۔



