
معاشی ترقی میں حکومت نہیں، نجی شعبہ کردار ادا کرے گا، ٹیکس شرح کی سطح بڑھائیں گے۔وزیر خزانہ
ملک کے معاشی اشاریے بالکل درست سمت میں جا رہے ہیں۔وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب
شینزن(انٹرنیشنل ڈیسک)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ٹیکس کی شرح میں اضافہ کیا جائے گا۔ معاشی ترقی میں حکومت نہیں، نجی شعبہ کردار ادا کرے گا۔پاک چین بزنس فورم کی تقرب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ ملکی معیشت کو مستحکم کرنا حکومت کی بنیادی ترجیح ہے، اس حوالے سے اصلاحاتی عمل بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی کے لیے حکومت نہیں بلکہ نجی شعبے کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔ آئندہ برس پانڈا بانڈ جاری کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چینی تاجر پاکستانی سرمایہ کاروں کے ساتھ مل کر کام کریں۔وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ملک کے معاشی اشاریے بالکل درست سمت میں جا رہے ہیں۔ رواں برس زراعت کی ترقی کی شرح 6.2 فی صد ہے اور یقین ہے کہ بڑی صنعتوں کی پیداوار اور سروسز کے نتیجے میں اضافے کا رجحان جاری رہےگا۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت خسارے میں کمی اور ترسیلات زر کے ساتھ برآمدات بڑھ رہی ہیں۔ پاکستانی کرنسی مستحکم ہے۔محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ افراط زر میں وقت کے ساتھ کمی آتی جا رہی ہے۔ گزشتہ برس کی 38 فی صد کی شرح اس سال 11 فی صد کو چھونے کے قریب ہے۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ پاکستانی معیشت پر سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔آئی ایم ایف کا 9 ماہ کا پروگرام کامیابی سے مکمل ہونے کے بعد اب حکومت ایک اور طویل المیعاد پروگرام کے لیے مذاکرات کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی مجموعی قومی پیداوار کے تناسب سے ٹیکسوں کی موجودہ شرح بڑھا کر 13، 14 فیصد تک لائی جائے گی۔ توانائی کے شعبہ میں بہتری بھی حکومتی ترجیحات کا حصہ ہے، اس حوالے سے نجی شعبے کو بھی شامل کیا جا رہا ہے۔



