
جہلم : وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کسی ایک ملک کا نہیں بلکہ پوری دنیا کا مسئلہ ہے،


وزیراعظم عمران خان نے خیبر پختونخوا سے بلین ٹری سونامی پروگرام کا آغاز کیا، آج 25 ہزار ایکڑ زمین پر 20 ہزار پودے لگائے جائیں گے، جہلم میں ساڑھے دس ہزار ایکڑ اراضی جنگل کے لئے مختص کی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بجوالہ فاریسٹ، ضلع جہلم میں وزیراعظم کے بلین ٹرین سونامی پروگرام کے تحت میگا پلانٹیشن ڈے کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں میگا ایونٹ کا انعقاد کرنے پر ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔ تقریب میں بلغاریہ کی سفیر، ڈپٹی کمشنر جہلم نعمان حفیظ، چیف کنزرویٹر محکمہ جنگلات ساجد قدوس، ڈی ایف او سدھیر احمد مغل، میڈیا نمائندگان، جہلم کے غیور عوام اور سکولوں کے بچوں نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ آج کل کینسر اور سانس کی بیماریوں میں اضافے کی بڑی وجہ یہی ہے کہ ماضی میں ماحول کی بہتری کے لئے کسی نے کام نہیں کیا، جہلم میں 2018ءمیں ہم نے یہاں جو پودے لگائے تھے آج وہ تن آور درخت بن چکے ہیں، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلغاریہ کی سفیر نے کہا کہ آج ماحول کو بہتر کرنے کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں شرکت پر خوشی ہوئی، وزیراعظم عمران خان کے بلین ٹری منصوبے میں ہمیں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانا ہے، یہاں آج بہت سے سکولوں کے گروپس کو دیکھ کر خوشی ہوئی۔ تقریب کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات نے پودا لگا کر 20 ہزار پودے لگانے کے منصوبے کا آغاز کیا۔


رپورٹ:چوہدری عابد حسین بیورو چیف جہلم



