
جہلم:گزشتہ روز ڈبلیو ایچ او کے کنٹری ہیڈ برائے پاکستان ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالاگنا رتنے نے ٹائیفائیڈ کانجوگیٹ ویکسین کی کیچ اپ مہم پنجاب فیز 2 کے سلسلے میں اپنی ٹیم کے ہمراہ ضلع جہلم کا دورہ کیا۔اس موقع پر ڈاکٹر اسامہ میر، ڈاکٹر جمشید، ڈاکٹر عمران قریشی،ڈاکٹر آصف شہزاد اور ڈاکٹر محسن رفیق انکے ہمراہ موجود تھے۔ڈبلیو ایچ او کی ٹیم نے ضلع جہلم میں مختلف مقامات کا دورہ کیا۔ جن میں یو سی ون الزہرہ انٹرنیشنل گرلز ہائی سکول، یوسی آوٹ ریچ ، یوسی روٹس میلینم سکول، ڈی ایچ کیو، ڈی ایچ اے آفس اور ڈپٹی کمشنر آفس شامل ہیں۔ ڈاکٹر پالیتھا رتنے نے بچوں کو خود بھی ویکسینیشن کے ٹیکے لگائے اور والدین سے ویکسینیشن پروگرام کے بارے میں بات چیت کی۔ ویکسینیشن سنٹرز میں بہترین انتظامات پر انہوں نے یو سی ایم اوز سمیت محکمہ ہیلتھ کی کاوشوں کو سراہا۔ بعدازاں ڈبلیو ایچ او کی ٹیم نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کیا اور کورونا ویکسی نیشن سنٹر کا معائنہ کیا اور انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا۔ ڈبلیو ایچ او کی ٹیم نے ڈاکٹر پالیتھا کی سربراہی میں ڈپٹی کمشنر راؤ پرویز اختر سے بھی ملاقات کی اور دورے کے متعلق تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر پالیتھا رتنے نے ڈپٹی کمشنر جہلم کی سربراہی میں ضلع کی ڈسٹرکٹ ہیلتھ مینجمنٹ ٹیم اور ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہوں نے ڈی ایچ اے جہلم اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر وسیم اقبال کی ٹیم کی شاندار کارکردگی کا اعتراف کیا اور ان کو عالمی ادارہ صحت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
رپورٹ:چوہدری عابد حسین بیورو چیف جہلم



