
پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پوسٹ مسہ کسوال کی بروقت کارروائی سے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام
بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرکے دوملزمان کو گرفتار کرلیا،یوم پاکستان کے موقع پر دہشت گردی کی کارروائی کے لئے اسلحہ پشاور سے لاہور سمگل کیا جارہا تھا
سوہاوہ پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پوسٹ مسہ کسوال کی بروقت کارروائی سے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام، بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرکے دوملزمان کو گرفتار کرلیا،اسلحہ پشاور سے لاہور سمگل کیا جارہا تھا،اہل علاقہ کی جانب سے زبردست خراج تحسین۔تفصیلات کے مطابق پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس مسہ کسوال پوسٹ کے انچارج انسپکٹر سجاد احمد اور سب انسپکٹر عدنان اقبال نے مخبر کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ترکی ٹول پلازا پر ناکہ بندی کی جس کی وجہ سے پشاور سے لاہور جانے والی کار نمبری LEB 2881 میں سوار دو ملزمان علی رضا ولد لیاقت علی محلہ مشتاق آباد پشاور اور علی حیدر ولد جہانزیب ساکن محلہ خوشحال باغ وارسک روڈ پشاورنے پولیس کی ناکہ بندی دیکھ کر گاڑی چھوڑ کر قریبی جنگل کی طرف فرار ہونے کی کوشش کی جن کا ہائی وے پٹرولنگ پولیس مسہ کسوال کے اہلکاروں عنصر اقبال، وقاص انجم، عمران شاہ، بدر منیراور نصیر شاہ ن تعاقب کرتے ہوئے گرفتار کر لیا۔ملزم کے قبضہ سے ایک توڑا برآمد ہوا جسے کی تلاشی لینے پر بھاری مقدار میں اسلحہ پایا گیا۔ادھر گاڑی کی تلاشی لینے پر بھی اس میں سے آتشیں اسلحہ برآمد ہوا۔ دونوں ملزمان کے قبضہ سے مجموعی طور پر 12عددکلاشنکوفیں، 8عدد پستول، 40عدد میگزین اور 35سو سے زائد گولیاں برآمدکرلی گئیں۔ملزمان یوم پاکستان کے موقع پر دہشت گردی کی کارروائیاں کرنے کے لئے بھاری مقدار میں آتشیں اسلحہ پشاور سے لاہور سمگل کرکے لے جارہے تھے۔ ہائی وے پٹرولنگ پولیس مسہ کسوال کی بروقت کارروائی نے دہشت گردی کی ممکنہ کارروائی کو ناکام بنا دیا۔دونوں ملزمان کو پولیس تھانہ سوہاوہ کے حوالے کردیا گیا جہاں ان پر زیردفعات 13ii(a)20/65 A.O اور 13ii(b)20/65A.Oمقدمہ نمبری 55/21, 56/21 درج کرلیا گیا۔ ایس ایس پی گلفام ناصر نے پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس کی اس شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے افسران واہلکاران کو بھرپور داد دی۔عوامی وسماجی حلقوں کی جانب سے پی ایچ پی مسہ کسوال کے اہلکاران کواس شاندار کارروائی پرزبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔
سوہاوہ : (رضااعوان)



