کالم/مضامین

مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی سرزمین عالم اسلام کے لیےریڈ لائن ہے۔ حافظ عبدالحمید عامر

مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی سرزمین عالم اسلام کے لیےریڈ لائن ہے۔ حافظ عبدالحمید عامر
ہم سب تحفظ حرمین شریفین کے لیے تن من دھن نچھاور کرنے کو تیا ر ہیں۔ مقررین کا متفقہ اعلامیہ

جہلم (نامہ نگار) جامعہ علوم اثریہ کے مہتمم حافظ عبدالحمید عامر کے شارٹ نوٹس پر مکہ مکرمہ پر حوثی باغیوں کے بزدلانہ ڈرون حملے کے خلاف چوک اہل حدیث میں ایک عظیم الشان احتجاجی مظاہرہ منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کی مقتدر مذہبی، سیاسی اور سماجی شخصیات سمیت بڑی تعداد میں عوام الناس نے شرکت کر کے حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے جان و مال قربان کرنے کا متفقہ اور غیر متزلزل اعلامیہ جاری کیا۔ مظاہرے کےمیزبان حافظ عبدالحمید عامر نے اپنے صدارتی خطاب میں عالم کفر اور اندرونی دشمنوں کو للکارتے ہوئے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی سرزمین عالم اسلام کے لیے وہ آخری ریڈ لائن ہے جس پر کسی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں، کیونکہ اس مقدس دھرتی کا دفاع ہمارے ایمان کا جزوِ لاینفک ہے اور حرمین شریفین پر دشمنوں کے ناپاک عزائم کو ماضی کی طرح ہمیشہ خاک میں ملا دیا جائے گا، نیز انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہمیں اپنی نوجوان نسل کے قلوب و اذہان میں یہ شعور اُجاگر کرنا ہوگا کہ اسلام کو جس طرح بیرونی فتنوں اور سازشوں کا سامنا ہے، بالکل اسی طرح آستین کے سانپوں اور اندرونی دشمنوں سے بھی شدید خطرہ لاحق ہے جن کی فتنہ انگیزیوں سے آگاہی حاصل کرنا ہمارے لیے از بس ضروری ہو چکا ہے۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ حنفیہ تعلیم الاسلام کے مہتمم اور خطیب جہلم قاری ابوبکر صدیق نے کہا کہ تحفظ حرمین شریفین کے لیے پوری دنیا کی نظریں پاکستان اور اس کی غیور فوج پر لگی ہوئی ہیں اور ان شاء اللہ، فیلڈ مارشل جنرل سید حافظ عاصم منیر کی جرات مندانہ اور فولادی قیادت میں ہماری بہادر آرمی اُمت مسلمہ کو کبھی مایوس نہیں کرے گی، اس موقع پر جامعہ عائشہ صدیقہ للبنات کے مہتمم قاری محمد اظہر اقبال نقشبندی نے اپنے خطاب میں کہا کہ حرمین شریفین کی حرمت و پاسبانی کے لیے ہم تن من دھن کی بازی لگا دیں گے اور مکار دشمن کے ناپاک خوابوں کو کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہونے دیں گے۔ جامعہ اثریہ للبنات جہلم کے مہتمم حافظ احمد حقیق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی غیور اور مایہ ناز عسکری قیادت پر فخر ہے جو دنیا کی مضبوط ترین عسکری و دفاعی قوت ہے اور جب بھی ارضِ مقدس کے عملی دفاع کے لیے ہماری شیر دلیر فوج میدانِ کارزار میں اترے گی تو پاکستان کا بچہ بچہ اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑا ہو کر باطل قوتوں کو عبرتناک شکست سے دوچار کرے گا اور دنیا دیکھے گی کہ ایمان کی طاقت کے سامنے کفر کا ہر گھمنڈ ریت کی دیوار ثابت ہوتا ہے۔ سنی علماء کونسل جہلم کے مرکزی رہنما صاحبزادہ حامد رضا نے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ اسلام کو مٹانے کا خواب دیکھنے والے ماضی کی طرح خود مٹی میں مل جائیں گے مگر دین حق کے خلاف ان کی ناپاک چالیں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتیں، جبکہ مرکزی انجمن تاجران کے صدر ملک محمد اقبال نے تاجر برادری کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے کہا کہ حرمین شریفین کی مٹی سے ہمارا رشتہ سیاسی یا کاروباری نہیں بلکہ خالصتاً ایمانی اور لازوال ہے جس کے لیے ہم ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔ اہل حدیث یوتھ فورس پاکستان کے جنرل سیکرٹری حافظ عبدالغفور مدنی نے کہا کہ مکہ معاہدے کے بعد اب پاکستان کے لیے زیادہ دیر اس اہم علاقائی تنازع سے خود کو الگ تھلگ رکھنا ممکن نہیں رہے گا اور ان شاء اللہ چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کے فولادی عزم اور جرات مندانہ عسکری سرپرستی میں ہماری غیور اور مایہ ناز پاکستانی افواج عالم اسلام کو کبھی مایوس نہیں کریں گی،جامعہ علوم اثریہ کے مدیر امور داخلی مولانا سعد محمد مدنی نے کہا کہ اگر آج پھر مسلمانوں کی ایمانی غیرت اور جذباتی وابستگی کو للکارنے کی کوشش کی گئی تو اس کا جوابی ردِعمل دشمن کے وہم و گمان سے بھی کہیں زیادہ ہولناک، عبرت انگیز اور تباہ کن ہوگا۔ احتجاجی مظاہرے کے اختتام پر حافظ عبدالحمید عامر نے تمام مقررین اور شرکا کا شکریہ ادا کیا اور آئندہ کا جاندار لائحہ عمل دیتے ہوئے اعلان کیا کہ جلد ہی اس حوالے سے جہلم شہر میں ایک فقید المثال پروگرام منعقد کیا جائے گا، جس پر تمام شرکا نے فضا میں ہاتھ بلند کر کے عزم کا اظہار کیا کہ وہ حرمین کے تحفظ کے لیے ہر پلیٹ فارم پر اپنے ایمانی جذبات کا عملی اظہار کرتے رہیں گے۔

Mehr Asif

Chief Editor Contact :03315456655 03005441090

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

I am Watching You