ریٹائرمنٹ کے روز پنشن کی ادائیگی کا فیصلہ* کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) چیف سیکریٹری سندھ

*ریٹائرمنٹ کے روز پنشن کی ادائیگی کا فیصلہ*
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیرِ صدارت پنشن اور میڈیکل ری ایمبرسمنٹ سے متعلق اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے۔
*”پنشن”*: اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یکم جنوری 2027 سے ریٹائر ہونے والے سرکاری ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے روز ہی پنشن اور بنیادی مالی واجبات کی ادائیگی یقینی بنائی جائے گی۔ چیف سیکریٹری نے زیرِ التوا پنشن بل تین ماہ میں کلیئر کرنے، بروقت ادائیگی کے لیے مربوط نظام تشکیل دینے اور سیکریٹری سروسز کی سربراہی میں بین المحکماتی ٹاسک فورس قائم کرنے کی ہدایت کی۔ ٹاسک فورس میں اے جی سندھ، محکمہ خزانہ، محکمہ صحت، جنرل ایڈمنسٹریشن اور دیگر متعلقہ محکمے شامل ہوں گے۔ پنشن کی ادائیگی کا حتمی عملی فریم ورک ایک ہفتے میں پیش کرنے کا حکم بھی دیا گیا۔
*”میڈیکل ری ایمبرسمنٹ”*: اجلاس میں سرکاری ملازمین اور ان کے اہل خانہ کے میڈیکل کلیمز میں تاخیر کا جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکریٹری نے نامکمل دستاویزات، ای ویری فکیشن اور این اے سی کے اجرا میں تاخیر سمیت انتظامی رکاوٹیں دور کرنے، غیر ضروری کاغذی کارروائی ختم کرنے اور کلیمز کا طریقہ کار آسان و تیز بنانے کی ہدایت کی۔ سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن کو متعلقہ محکموں کے ساتھ مشترکہ جائزہ لینے کا حکم دیا گیا۔ آصف حیدر شاہ نے کہا کہ ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن اور میڈیکل واجبات کے حصول کے لیے غیر ضروری دفتری مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔




