ماہ ربیع الاول تجدید عہد کا دن ہے اس دن کو ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم اپنی زندگی کو اسوہ رسول

ماہ ربیع الاول تجدید عہد کا دن ہے اس دن کو ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم اپنی زندگی کو اسوہ رسول ﷺ کے مطابق گزاریں گے۔آپ ﷺ سے اظہار محبت ہماری زندگی کا اثاثہ ہے۔آپ ﷺ سے محبت ہی ہمیں زندگی سے آشنائی عطا کرتی ہے۔یہ وہ راستہ ہے جس میں اپنی جان نچھاور کرنے کو کامیابی اور فخر سمجھا جاتاہے۔
سیماب ایسی موت کی ہے جستجو مجھے،لپٹا ہو جس میں تہہ بہ تہہ محبوب کا وصال
امیر عبدالقدیرا عوان شیخ سلسلہ عالیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پا کستان کا بہاولپور میں بعثت رحمت عالم ﷺ کانفرنس میں خواتین و حضرات کی بڑی تعداد سے خطاب۔
انہوں نے کہا کہ صحابہ کرام ؓ کی جوتیوں کی خاک بھی ہم سے اعلی ہے۔ ان ہستیوں کا مقام یہ ہے کہ اگر وہ کیفیات جو آپ ﷺ کی صحبت میں رہتے ہوئے انہیں نصیب ہوتی تھیں اگر اسی کیفیت میں رہتے تو چوکو ں اور چوراہوں میں فرشتے ان سے مصافحہ کرتے۔قرآن کریم کی باتیں حکمت سے بھری پڑی ہیں۔قرآن کریم کو دیکھنا عبادت،چھونا عبادت،پڑھنا عبادت اور عمل کرنا تو مقصد حیات ہے۔کیونکہ یہ ذات باری تعالی کا ذاتی کلام ہے ہر لحاظ سے اس میں برکت ہے۔اللہ کا کلام ہے بے شمار برکات ہیں۔قرآن کریم کی حکمتیں سمجھنے کے لیے ضروریات دین کا جاننا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صرف ماہ مبارک ربیع الاول کی ساعتیں مبارک نہیں ہیں بلکہ اس کے صدقے تمام ہفتے،مہینے اور سال سب مبارک ہو جاتے ہیں۔دن مبارک ہو جائیں گے راتیں مبارک ہو جائیں گی اگر ہم اتباع محمد الرسول اللہ ﷺ پر خود کو لے آئیں۔وگرنہ ہم ضد اور انا کی بھینٹ چڑھے جا رہے ہیں۔پھر قومیں انتشار کا شکار ہو جاتی ہیں،ترقی کی منازل طے نہیں کرتی۔مسلمان معاشرہ ہے لیکن یقین نہیں،انصاف نہیں ہے۔حقوق و فرائض کی تمیز نہیں رہی۔ان حالات کے ہم سب ذمہ دار ہیں ہم کہتے ہیں میں تو ٹھیک ہوں دوسرا اپنی ذمہ داری ادا نہیں کر رہا۔اس ماہ مبارک ربیع الاول میں خود کو دیکھیں اپنے کردار کو دیکھیں اپنا جائزہ لیں اور خود کو صراط مستقیم پر لے آئیں۔
یاد رہے کہ بعثت رحمت عالم ﷺ کانفرنسز کا اگلا پروگرام 24 اگست بروز سوموار وہاڑی بار کونسل میں ہو گا۔
آخر میں انہوں نے ملکی سلامتی اور بقا کی اجتماعی دعا بھی فرمائی۔


