
بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، بھارتی حمایت یافتہ 41 دہشتگرد ہلاک۔
علاقے میں مزید بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔آئی ایس پی آر
بلوچستان(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق فورسز نے بلوچستان میں دو مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 41 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائیاں 29 جنوری کو دو مختلف علاقوں میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئیں، پہلی کارروائی ہرنائی ضلع کے نواحی علاقے میں عمل میں آئی، جہاں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی حمایت یافتہ 30 خوارج ہلاک ہوئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک شدگان کا تعلق فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان نامی دہشتگرد تنظیموں سے تھا۔ اس موقع پر دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا، جسے فوراً تلف کر دیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دوسری کارروائی ضلع پنجگور میں انجام دی گئی، جہاں خفیہ اطلاع پر دہشتگردوں کے ٹھکانے کو تباہ کیا گیا۔ اس دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 11 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد ہلاک ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق برآمد شدہ اسلحہ اور گولہ بارود کے علاوہ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے 15 دسمبر 2025 کو پنجگور میں بینک ڈکیتی کے دوران لوٹی گئی رقم بھی حاصل کی گئی، ہلاک شدگان ماضی میں متعدد دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث رہے۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ علاقے میں مزید بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔ پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ’عزمِ استحکام‘ کے وژن کے تحت انسداد دہشتگردی مہم کو پوری شدت سے جاری رکھے ہوئے ہیں اور غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردانہ سرگرمیوں کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔یہ کارروائیاں سکیورٹی فورسز کی قربانی، پیشہ ورانہ مہارت اور خفیہ معلومات کی بروقت رسائی کا مظہر ہیں، جو بلوچستان میں امن و استحکام کی بحالی اور عوام کی حفاظت کے لیے اہم قدم قرار دی جا رہی ہیں۔



