نوابشاہ (رپورٹ. انور عادل خانزادہ) ایس ایس پی شہید بینظیر آباد شبیر احمد سیٹھار کی جانب سے

نوابشاہ (رپورٹ. انور عادل خانزادہ) ایس ایس پی شہید بینظیر آباد شبیر احمد سیٹھار کی جانب سے اے ایس پی سید حیدر علی بخاری کے اعزاز میں ایک پُروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر ایس ایس پی شہید بینظیر آباد شبیر احمد سیٹھار نے اے ایس پی سید حیدر علی کو سندھی ثقافت کی پہچان سندھی ٹوپی اور اجرک بطور تحفہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی روایات احترام، محبت اور بھائی چارے کی علامت ہیں، اور پولیس فورس ان اقدار کو ہمیشہ زندہ رکھے گی۔تقریب میں ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز سمیت دیگر پولیس افسران نے بھی شرکت کی اور اے ایس پی سید حیدر علی بخاری کو یادگار تحائف پیش کیے۔ تقریب میں بعض افسران اور اہلکار جو اپنی مدتِ ملازمت پوری کرکے ریٹائر ہوئے انکو بھی اعزازی تحائف پیش کر کے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ مزید برآں، بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران و اہلکاروں کو تعریفی اسناد (سرٹیفیکیٹس) سے نوازا گیا۔تقریب میں خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی شہید بینظیر آباد نے کہا کہ اے ایس پی سید حیدر علی نے اپنی تعیناتی کے دوران بہترین انتظامی صلاحیتوں اور فرض شناسی کا مظاہرہ کیا، جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس فورس کو ایسے ہی قابل، محنتی اور باصلاحیت افسران کی ضرورت ہے جو ادارے کا وقار بڑھائیں۔اس موقع پر اے ایس پی سید حیدر علی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں شہید بینظیر آباد پولیس کے ساتھ کام کرنے پر فخر ہے۔ انہوں نے ایس ایس پی سمیت تمام افسران اور اہلکاروں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہاں کے لوگ اور ٹیم ورک ہمیشہ ان کی یادوں میں زندہ رہیں گے۔



