گورنمنٹ سٹی گرلز ڈگری کالج گلبہار میں یوم آزادی کے سلسلے میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا

گورنمنٹ سٹی گرلز ڈگری کالج گلبہار میں یوم آزادی کے سلسلے میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
مہمان خصوصی محمد اقبال خان، اور جاوید اقبال نے پوزیشن ہولڈر طالبات میں اسناد تقسیم کیں۔
پشاور (نمائندہ خصوصی) گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق گورنمنٹ سٹی گرلز ڈگری کالج گلبہار میں معرکہ حقِ آزادی پاکستان کے سلسلے میں ایک شاندار اور پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس نے قومی جوش و جذبے کو نئی روشنی بخشی۔ کالج کا آڈیٹوریم سبز ہلالی پرچموں، رنگ برنگی پٹیوں اور ملی نغموں کی گونج سے مہک اُٹھا، جب طالبات نے پرجوش تقاریر اور ملی نغموں کی دھن پر دیدہ زیب ٹیبلو پیش کیے۔مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈائریکٹر ہاییر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ محمد اقبال خان اور ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جاوید اکبر نے پوزیشن ہولڈر طالبات میں اسناد تقسیم کیں۔اس موقع کالج کی پرنسپل پرفیسر رابعہ سکندربھی موجودتھیں۔گورنمنٹ سٹی گرلز ڈگری کالج گلبہار میں منعقدہ پروقارتقریب میں تقریب کے دوران طالبات نے اپنی تقاریر میں آزادی کی اہمیت، قربانیوں کی داستان اور پاکستان کے روشن مستقبل پر دل کو چھو لینے والے خیالات پیش کیے۔ ننھے بچوں اور بچیوں نے ملی نغموں کی دھن پر خوبصورت انداز میں ٹیبلو پیش کر کے حاضرین سے خوب داد سمیٹی۔اس موقع پر ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوا کے ایڈیشنل ڈائریکٹر محمد اقبال خان نے اپنے تفصیلی خطاب میں کہاکہ یقین جانیے، آزادی اللہ تعالیٰ کی ایک عظیم نعمت ہے، جو لاکھوں قربانیوں اور جدوجہد کے بعد ہمیں حاصل ہوئی۔ آج کی یہ تقریب اور آپ سب کے چہروں پر نظر آنے والا یہ ولولہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہماری نئی نسل میں پاکستان سے محبت کا جذبہ آج بھی زندہ ہے۔ ہماری بیٹیاں ہماری پہچان اور ہمارا فخر ہیں۔ تعلیم اور تربیت میں آپ کا آگے بڑھنا صرف اپنے خاندان کی کامیابی نہیں بلکہ پورے وطن کی کامیابی ہے۔ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ آج سے 77 برس قبل، ہمارے بزرگوں نے آزادی کے لیے سب کچھ قربان کر دیا۔ اب یہ ذمہ داری ہماری ہے کہ ہم پاکستان کو علم، تحقیق، اخلاق اور یکجہتی میں دنیا کے بہترین ممالک میں شامل کریں۔ آپ جیسے ہونہار اور پرعزم طلبہ و طالبات ہی وہ قوت ہیں جو اس ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ میں چاہتا ہوں کہ آپ میں سے ہر ایک اپنی صلاحیتوں کو پہچانے، خواب بڑے دیکھے اور محنت کو اپنا شعار بنائے۔ یاد رکھیں، جب بیٹیاں تعلیم اور ہنر میں آگے بڑھتی ہیں تو قوم کا مستقبل روشن ہو جاتا ہے۔کالج کی پرنسپل پروفیسر رابعہ سکندر نے اپنے خطاب میں طالبات کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ آزادی محض ایک دن کی خوشی نہیں بلکہ یہ مسلسل محنت، یکجہتی اور قربانی کا تقاضا کرتی ہے۔ آج کی یہ نسل اگر علم اور کردار میں مضبوط ہوگی تو پاکستان کو دنیا میں بلند مقام حاصل ہوگا۔اس موق پر سی بی ایس اور اکیڈمک انچارج مس سعدیہ، ہسٹری ڈیپارٹمنٹ کی قراۃ العین، اورسپورٹس انچارج مس نجمہ ناز قاضی نے بھی تقریب کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ اس موقع پر اساتذہ اور طالبات کی بڑی تعداد موجود تھیں، جو قومی ترانوں اور پرچم لہرانے کے مناظر میں شامل ہو کر ایک ناقابلِ فراموش دن کا حصہ بن گئیں۔



