نوابشاہ (رپورٹ. انور عادل خانزادہ)ملک بھر کی طرح ضلع شہید بینظیرآباد میں بھی یومِ آزادی اور

نوابشاہ (رپورٹ. انور عادل خانزادہ)ملک بھر کی طرح ضلع شہید بینظیرآباد میں بھی یومِ آزادی اور معرکۂ حق کے سلسلے میں تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں میئر میونسپل کارپوریشن آفس میں پرچم کشائی اور کیک کاٹنے کی ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی۔تقریب میں کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن ندیم احمد ابڑو، ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عبدالصمد نظامانی، میئر قاضی محمد رشید بھٹی، ڈپٹی میئر چوہدری مبشر آرائیں، وائس چانسلر بینظیر بھٹو یونیورسٹی پروفیسر مدد علی شاہ، پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر محمد سلیم زرداری، میونسپل کمشنر عبدالرزاق شیخ اور دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر قومی پرچم لہرایا گیا اور یومِ آزادی کی خوشی میں 300 پاؤنڈ وزنی کیک کاٹا گیا اور آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن ندیم احمد ابڑو، میئر قاضی محمد رشید بھٹی، ڈپٹی کمشنر عبدالصمد نظامانی، ڈپٹی میئر چوہدری مبشر آرائیں اور دیگر مقررین نے کہا کہ ضلع شہید بینظیرآباد میں بھی ملک بھر کی طرح پاک فوج کی کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے اور یومِ آزادی کی تقریبات قومی جوش و خروش سے جاری ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہر قوم کی تاریخ میں کچھ دن ایسے ہوتے ہیں جو محض تہوار نہیں بلکہ قربانیوں، بہادری اور قومی عزم کی علامت ہوتے ہیں۔ پاکستان کی تاریخ میں 14 اگست کا دن ایک عظیم جدوجہد، یقین، ایمان اور قربانیوں کا نتیجہ ہے، جس کے باعث ہمیں آزادی جیسی عظیم نعمت نصیب ہوئی۔ اسی لیے اس دن کو جوش و جذبے اور جذبۂ حب الوطنی کے ساتھ منایا جارہا ہے تقریب میں میونسپل کارپوریشن کے افسران، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور معزز شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر جشنِ آزادی کے حوالے سے موسیقی کا پروگرام بھی منعقد کیا گیا، جس میں فنکاروں نے قومی نغمے پیش کیے اور شرکاء سے خوب داد وصول کی۔



