پسند کی شادی پر لڑکی اور اسکے شوہر کو قتل کرنا افسوسناک ہے۔قیصر زمان ایڈوکیٹ

پسند کی شادی پر لڑکی اور اسکے شوہر کو قتل کرنا افسوسناک ہے۔قیصر زمان ایڈوکیٹ
قوم غیرت کے نام پر ہونے والے ظلم کے خلاف آواز بلند کریں۔صدر پشاور بار ایسوسی ایشن
پشاور(نمائندہ خصوصی) گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق صدر پشاور بار ایسوسی ایشن، قیصر زمان ایڈوکیٹ اور کابینہ نے حال ہی میں بلوچستان میں پیش آنے والے اس اندوہناک واقعے کی شدید مذمت کی جس میں ایک بلوچ لڑکی کو اپنی پسند سے شرعی نکاح کرنے کے “جرم” میں بے دردی سے گولیوں کا نشانہ بنایا گیا، اور اس کے شوہر کو بھی قتل کر دیا گیا۔صدر پشاور بار نے کہا کہ یہ واقعہ نہ صرف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے بلکہ اسلامی تعلیمات، آئینی حقوق، اور قانونِ پاکستان کے منہ پر طمانچہ ہے۔ ایک طرف معاشرے میں غیرت اور روایات کے نام پر انسانوں کو قتل کیا جاتا ہے، اور دوسری طرف اگر یہی اقدام کسی اور طبقے یا پس منظر کے شخص سے ہو، تو معاشرہ اسے فخر سے پیش کرتا ہے۔ یہ دہرا معیار، یہ منافقت، اور یہ جھوٹی غیرت دراصل ہمارے اجتماعی زوال کی علامت ہے۔کابینہ پشاور بار نے وفاقی حکومت اور حکومت بلوچستان سے پُرزور مطالبہ کیا کہ اس وحشیانہ قتل میں ملوث تمام افراد کو فوری گرفتار کر کے، انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ چلایا جائے، اور انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے قاتلوں کو پندرہ دن کے اندر اسی مقام پر سرِعام پھانسی دی جائے جہاں انہوں نے دو معصوم جانوں کو بے دردی سے قتل کیا۔صدر پشاور بار نے مزید کہا کہ یہ وقت ہے کہ ہم بطور قوم اس جھوٹی انا، قبائلی برتری اور غیرت کے نام پر ہونے والے ظلم کے خلاف ایک مضبوط اور متحد آواز بلند کریں۔ قانون سے بالاتر کوئی نہیں۔ اگر آج خاموشی اختیار کی گئی تو کل ہر دروازہ اسی ماتم سے گونجے گا۔



